روس جنگ کی مالی تلافی کرے، یوکرینی صدر کا مطالبہ

کیف،مئی۔یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے مشرقی خارکیف علاقے کے شہر لوذووا میں ایک ثقافتی مرکز پر روسی فضائی حملے میں ایک بچے سمیت سات افراد کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے انسانیت کو اپنا دشمن چن لیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر ایک پیغام میں صدر زیلنسکی نے یوکرین پر روسی فوجی حملوں کو ماسکو کی طرف سے کھلی جارحیت کا نام دیتے ہوئے اور لوذووا میں تازہ فضائی حملے کے تناظر میں لکھا، قابضین نے ثقافت، تعلیم اور انسانیت کو اپنے دشمنوں کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔‘‘یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے یہ باقاعدہ تجویز بھی پیش کر دی ہے کہ روس یوکرین کے خلاف جنگ کی وجہ سے کییف کو مالی تلافی کے لیے رقوم ادا کرے۔جمعے کی شب اپنی ایک تقریر میں صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس کی طرف جنگ کے دوران یوکرین میں پھیلائی گئی تباہی کی مالی تلافی سے متعلق کییف کے مطالبے کی اس مشرقی یورپی ملک کے اتحادی بھی حمایت کر رہے ہیں۔یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ روس نے یوکرین میں بنیادی ڈھانچے کو اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی تلافی کا یہ یوکرینی مطالبہ ان تمام دیگر ممالک کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہو گا، جو کسی بھی دوسری ریاست کے خلاف بیجا فوجی جارحیت کے اراداے رکھتے ہوں۔ وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق یوں ایسے تمام ممالک کو یہ احساس دلایا جا سکے گا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں انہیں اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہو گی۔یوکرینی صدر کے الفاظ میں، اس جنگ میں روس اپنی طرف سے فائر کیے ہر میزائل، داغے گئے ہر گولے اور فضا سے گرائے گئے ہر بم کا وزن محسوس کرے گا۔‘‘

Related Articles