ابوظبی:سعودی ولی عہد کا یواے ای کے رہنماؤں سے شیخ خلیفہ کے انتقال پراظہارِتعزیت
ابوظبی،مئی۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کے روز مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی تعزیت کے لیے ابوظبی میں ان کی سوگوار مجلس کا دورہ کیا ہے۔انھوں نے ان کی وفات پرمتحدہ عرب امارات کے نئے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان، مرحوم کے بھائیوں اور بیٹوں اورآل نہیان کی سرکردہ شخصیات سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے جانشین کوشیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت کے لیے ابوظبی کا یہ دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے فوری بعد انھوں نے ایک وفد کے ہمراہ اماراتی دارالحکومت کا یہ دورہ کیا ہے۔ان سے ایک روز پہلے اتوار کو سعودی شہزادوں کے ایک وفد نے بھی اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید اور حکمران خاندان کے دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی تھی اور ان سے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ابوظبی آنے والے سعودی شہزادوں کے وفد میں سابق ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیزآل سعود، شہزادہ منصوربن سعود بن عبدالعزیز،شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیرمملکت، کابینہ کے رکن، خادم الحرمین الشریفین کے مشیرشہزادہ ڈاکٹرمنصوربن متعب بن عبدالعزیز،شہزادہ بندر بن مقرن بن عبدالعزیز اور نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان شامل تھے۔