سعودی شاہ اورولی عہد کی ماکرون کودوبارہ فرانس کا صدرمنتخب ہونے پرمبارک باد
ریاض/پیرس،اپریل ۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدرعمانوایل ماکرون کو دوبارہ منتخب ہونے پرمبارک باد دی ہے۔اتوار کو فرانس میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کے بعد شاہ سلمان اور ولی عہد نے صدر اور فرانسیسی عوام کو نیک تمناؤں پرمبنی پیغام بھیجا ہے۔ماکرون اس سے قبل سعودی رہنماؤں کے ساتھ مل کر لبنان میں معاشی بحران کے حل میں تعاون کرچکے ہیں۔وہ گذشتہ سال دسمبر میں خلیجی ممالک کے دورے کے حصے کے طور پرسعودی عرب بھی آئے تھے اور وہ 2018 کے بعد مملکت کا دورہ کرنے والے پہلے مغربی رہ نما تھے۔ماکرون نے صدارتی انتخابات میں اپنی انتہائی دائیں بازو کی حریف میرین لی پین کو واضح فرق سے شکست دی تھی۔ابتدائی غیرحتمی نتائج کے مطابق ماکرون نے قریباً 57 فی صد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔اپنی فتح کی تقریر میں انھوں نے تسلیم کیا کہ بہت سے لوگوں نے انتہائی دائیں بازو کو اقتدار سے دور رکھنے کے لییانھیں ووٹ دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس ملک میں بہت سے لوگوں نے مجھے اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ وہ میرے خیالات کی تائید کرتے ہیں بلکہ انتہائی دائیں بازو کے لوگوں کو اقتدار سے باہر رکھنے کے لیے انھوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور آنے والے برسوں میں مجھ پر ان کا قرض ادھار رہے گا۔انھوں نے ایک پیغام میں کہا کہ ’’فرانس میں کسی کو بھی راستے میں نہیں چھوڑا جائے گا‘‘۔ ان کی کابینہ کے سینیر وزراء پہلے ہی فرانس کے ٹی وی اسٹیشنوں کے ذریعے اسی پیغام کا اعادہ کررہے ہیں۔یوکرین جنگ ،اس سے پہلے کروناوائرس کی وبا کی دو سالہ پابندیوں ،رکاوٹوں اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے معاشی مسائل کوانتخابی مہم کا مرکزی موضوع بنا دیا تھا۔فرانس میں روزمرہ زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت غریب لوگوں کے لیے ایک بڑھتا ہوا دباؤ بن چکی ہے۔