ہائی سیکورٹی رائل نیوی بیس سے 250000 پونڈ کا ڈیزل چوری
لندن ،اپریل۔ چوروں نے ہائی سیکورٹی رائل نیوی بیس سے 2500000پونڈ مالیت کا ڈیزل چوری کر لیا۔ ڈیزل چوری کے اس واقعے کی انویسٹی گیشن جاری ہے۔ چوروں نے پلائی متھ میں ایچ ایم این بی پر ٹینکروں سے فیول چوری کیا، جو نیول بیس پر بجلی کے جنریٹروں کو چلانے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ 250000پونڈ سے زائد مالیت کا ڈیزل چوری کیا گیا جو کنٹریکٹر بیبکاک انٹرنیشنل کا تھا۔ دی سن نیوزپیپر کی رپورٹ کے مطابق خطرے کا الارم سویلین گارڈز نے اس وقت بجایا، جب انہوں نے ایک سویلین ٹینکر ڈرائیور کی بیس سے باہر جانے کی کوشش پر سپاٹ چیکنگ کی۔ چوری کیا جانے والا ڈیزل 19560 ٹن وزنی ایسلاٹ شپ ایچ ایم ایس بلوارک کے جنریٹرز کو چلانے کیلئے بھرا جانا تھا۔ منسٹری آف ڈیفنس نے کہا کہ منسٹری آف ڈیفنس گزشتہ سال کے اس واقعے سے آگاہ ہے، جس میں مبینہ طور پر ایچ ایم این بی ڈیونپورٹ میں ایک کنٹریکٹرکا فیول چوری کر لیا گیا تھا۔ اس واقعے کی وجہ سے ڈیفنس آپریشن میں کوئی خلل نہیں پڑا اور منسٹری آف ڈیفنس نے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اس معاملے پر بیبکاک انٹرنیشنل کے ترجمان نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔