ایسٹر پر فضائی سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا، 120 پروازیں منسوخ
لندن ،اپریل۔ ایسٹرکے موقع پر پیر کی صبح فضائی سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور مختلف ائر لائنز نے 120پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ ایزی جیٹ اور برٹش ائر ویز نے کورونا کی وجہ سے عملے کی غیر حاضری کو پروازیں منسوخ کرنے کا سبب بتایا ہے جبکہ یورو ٹنل نے ایک ٹرین کے حادثے کو ٹرینوں میں تاخیر کا سبب قرار دیا ہے۔ اس دفعہ ایسٹر کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے سفر پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد آیا ہے جبکہ اسکولوں کی تعطیلات بھی ہیں، جس کی وجہ سے تعطیلات منانے والوں کی تعداد بڑھ گء ہے۔ کورونا کی وجہ سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے، اس کے علاوہ دیگر مسائل بھی ہیں، جو کورونا سے پہلے سے انڈسٹری کو درپیش تھے۔ جس میں عملے کی کمی شامل ہے، اس کے علاوہ کورونا کے دوران ہزاروں افراد فضائی کمپنیوں کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ ائرپورٹس پر بھی عملے کی کمی ہے، جس کی وجہ سے سیکورٹی چیک کیلئے طویل قطاریں لگ رہی ہیں، ان قطاروں کی وجہ سے مانچسٹر ائرپورٹ پربہت سے مسافروں کی پروازیں نکل گئیں۔ اس کے علاوہ بیگیج کے حصول کیلئے ہال میں بھی طویل انتظار کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ یورپ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ایزی جیٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے لیکن اس کے باوجود اسے کچھ پروازیں قبل از وقت ہی منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا اور بدقسمتی سے آج اور کل کی کچھ مزید پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑ رہی ہیں۔ ائر لائن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروںسے رابطہ کر کے انھیں متبادل پروازوں پر جگہ حاصل کرنے یا اپنی رقم واپس حاصل کو کہا جا رہا ہے۔ پیر کو ہیتھرو آنے جانے والی برٹش ائر ویز کی کم وبیش 60پروازیں منسوخ کی گئیں، ان میں 50کی منسوخی کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا تھا جبکہ 10 پروازیں رات گئے منسوخ کی گئیں۔ کورونا کی وجہ سے اسٹاف کی کمی کی وجہ سے برٹش ائر ویز کو اپنی موسم بہار کی پروازوں کے شیڈول پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ائر لائنز نے دو ہفتے قبل بعض پروازیں مئی تک کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ مختصر روٹ کی یومیہ کم ویش 20 پروازیں بند کردی گئی ہیں۔ یورو ٹنل نے اپنے مسافروں کو بتا دیا ہے کہ جولوگ ائرپورٹ آرہے ہیں، وہ اانگلینڈ اور فرانس کے درمیان چلنے والی یک ٹرین کے عارضی طور پر بند کردیئے جانے کے سبب تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں۔ فرانس سے فولک اسٹون کے آپریٹر نے کہا ہے کہ 3 گھنٹے تک کی تاخیر ہوسکتی ہے۔ کمپنی نے ایک ٹوئیٹ میں معذرت کرتے ہوئے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ معمول کے مطابق چیک کرائیں۔ یورو ٹنل کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ رات کو ایک فریٹ شٹل میں ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے یورو ٹنل اب اپنی سروسز میں کمی کررہا ہے۔