خام تیل کے حصول کیلئے برطانوی وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب بے سود
لندن،مارچ۔روسی خام تیل کے متبادل کی تلاش برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو دو اہم خلیجی ممالک تک لے آئی جو متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی اور سعودی عرب پہنچے تھے تاہم ان کا یہ دورہ خام تیل کے حصول کی کوششوں کی ضمن میں بے سود ثابت ہوا۔ تاہم انھوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران سٹریٹیجک شراکتی کونسل کی تشکیل کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کردیے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جا نسن گزشتہ روز سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ سعودی دارالحکو مت ریاض پہنچے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ملاقات دارالحکومت ریاض کے قصر یمامہ میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مذاکرات میں باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے علاوہ علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیالات کیا جس میں یوکرین جنگ اور اس کے عالمی اثرات خاص طور پر زیر بحث آئے۔بعد ازاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان سٹرٹیجک شراکتی کونسل کی تشکیل کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ذرائع کے حوالے سے بتایاگیاکہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں خام تیل کی عالمی مارکیٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔