’سیسم اسٹریٹ‘ کے اداکار ایمیلیو ڈیلگاڈو انتقال کرگئے
نیویارک،مارچ۔تجربہ کار امریکی ٹیلی ویڑن اداکار، ایمیلیو ڈیلگاڈو، جنہوں نے 45 سال تک ’سیسم اسٹریٹ‘ پر فکس اٹ شاپ کے مالک لوئس روڈریگز کا کردار ادا کیا، 81 سال کی عْمر میں انتقال کرگئے۔اداکار ایمیلیو ڈیلگاڈو کے منیجر نے اْن کی موت کی خبر کی تصدیق کی جبکہ اداکار کی اہلیہ نے بتایا کہ اْن کی موت بلڈ کینسر کی وجہ سے ہوئی جس سے وہ سال 2020 سے لڑ رہے تھے۔دوسری جانب بین الاقوامی آرٹسٹ ایجنسی کے سی ای او نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم ایمیلیو کے انتقال کی خبر سے غمزدہ ہیں، ایمیلیو میں بے پناہ ٹیلنٹ تھا جس کے ذریعے وہ مداحوں کے لیے بہت خوشی اور مسکراہٹیں لے کر آئے۔اْنہوں نے کہا کہ ان کی کمی بہت سے لوگوں کو محسوس ہوگی اور ہم جانتے ہیں کہ ان کی میراث زندہ رہے گی۔واضح رہے کہ ایمیلیو ڈیلگاڈو نے 1971 میں بچوں کے پیارے ٹیلی ویڑن شو میں لوئس، ہینڈی مین کے طور پر شمولیت اختیار کی اور 2016 تک شو میں شامل رہے۔ وہ عوامی تقریبات میں شو کی کاسٹ کے ساتھ نمودار ہوتے رہے اور 2019 میں سیسم اسٹریٹ کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں واپس آئے۔