عامر خان کی بیٹی ایرا خان اداکارہ بننے میں دلچسپی نہیں رکھتیں
ممبئی ،مارچ۔بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے کہا کہ وہ اداکار بننے میں دلچسپی نہیں رکھتیں لیکن لگتا ہے کہ وہ کسی دن فلم ڈائریکٹر بن سکتی ہیں۔ ایک چیٹ سیشن کے دوران جب ان سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے بارے میں پوچھا گیا تب ایرا نے واضح کیا کہ وہ لائم لائٹ میں رہنے کا کوئی خواب نہیں دیکھتی ہیں۔ایرا نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام فالورز کے سوالوں کے جوابات دئیے۔ اس سیشن میں انہوں نے دماغی صحت، مستقبل کے منصوبوں اور مزید بہت سے سوالات کے جواب دئیے۔ سیشن کے دوران ایک سوشل میڈیا صارف نے ان سے بولی وڈ میں اداکاری کرنے کے منصوبے کے بارے میں پوچھا، جس پر ایرا نے جواب دیا کہ وہ فلموں میں نہیں آرہی ہیں۔جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرا اداکارہ بننے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ہیں۔ لیکن ان کے ماضی کے کام سے لگتا ہے کہ وہ کسی دن فلمساز بن سکتی ہیں۔ ایرا تھیٹر سے منسلک ہیں اور وہاں انہوں نے ایک پلے کی ہدایتکاری بھی کی ہے۔ انہوں نے میڈیے نامی ڈرامے کی ہدایت کاری کی تھی، جس میں بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کی اہلیہ ہیزل کیچ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔جبکہ عامر خان کے بڑے بیٹے جنید خان یش راج فلمز کے ساتھ بولی وڈ میں قدم رکھنے کو تیار ہیں۔ وہ اپنی فیچر فلم مہاراجہ کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس فلم میں شالینی پانڈے، شروری واگھ اور جیدیپ اہلاوت بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔دریں اثنا، عامر خان اپنی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں جس میں کرینہ کپور خان، مونا سنگھ اور ناگا چیتنیا بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم 14 اپریل 2022 کو ریلیز ہوگی۔