ملتان سلطانز فیورٹ ضرور ہے لیکن ہم بھی کم نہیں: ڈیوڈ ویسا
لاہور،فروری۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں اسلام آباد کے خلاف دوسرے ایلیمنیٹر میں شاندار بلے بازی اور بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹر ڈیوڈ ویسا نے کہا ہے کہ فائنل کے لیے اگر ملتان کی ٹیم فیورٹ ہے تو ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔جیو نیوز سے گفتگو میں ڈیوڈ ویسا کا کہنا تھا کہ فائنل میں بھی وہی کارکردگی دکھائیں گے جو ایلیمنیٹرمیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دکھائی تھی۔قلندرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل 7 کے فائنل میں ملتان سلطانز فیورٹ ضرور ہے لیکن ہم بھی کم نہیں ہیں، کوشش ہے کہ اچھی کارکردگی دکھا کر ٹرافی اٹھائیں۔ویسا نے مزید کہا کہ ہماری واحد ٹیم ہے جس نے ایونٹ کے لیگ اسٹیج میں ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کیا تھا، لاہور میں فْل ہاؤس کراؤڈ کے سامنے کھیل کر بہت اچھا لگا، ایسے پر جوش کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا مزہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور قلندرز جس انداز میں ہر سال ایک نیا پلیئر پاکستان کرکٹ کو دے رہا ہے وہ کافی متاثر کن ہے، پی ایس ایل کی سب سے خاص بات یہاں کا بولنگ ٹیلنٹ ہے، زمان خان نے ایونٹ میں بہت ہی شاندار بولنگ کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی زبردست انداز میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، کپتان ہونے کے باوجود وہ کسی سے بھی مشورہ لینے میں ہچکچاتے نہیں ہیں، معلوم ہے فائنل والے دن لاہور کے مداح بڑی تعداد میں ہمارے لیے کھڑے ہوں گے، کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی دکھا کر ٹرافی اٹھائیں۔یاد رہے کہ ڈیوڈ ویسا نے ایلمنیٹر 2 میں ایک طرف 8 گیندوں پر 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تو دوسری جانب آخری اوور میں 8 رنز کا دفاع شاندار انداز میں کیا اور اسی اوور میں ایک وکٹ اور ایک رن آؤٹ بھی ہوا، قلندرز کی ٹیم 6 رنز سے فاتح ٹھہری، یہی وجہ تھی کہ وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔