51 فیصد امریکی ووٹر ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے مخالف، سروے

واشنگٹن،اکتوبر۔ایک تازہ ترین سروے کے مطابق، امریکہ میں ووٹروں کی ایک بڑی تعداد کاخیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو مستقبل میں دوبارہ بطور صدر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔یاہو نیوزاور یو گو (YouGov) کے مشترکہ سرویمیں جن اہل ووٹروں سے رائے لی گئی ان میں سے 51 فیصدکا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدر بننے کا موقع نہیں دیا جانا چاہیے جبکہ 35 فیصد نے ان کے حق میں رائے دی ہے اور کہا ہے کہ ان کو دوبارہ ملک کی خدمت کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ 14 فیصد اس حوالے سے کوئی واضح رائے نہیں رکھتے۔تئیس سے ستائیس ستمبر کے درمیان کیے گئے اس سروے میں 1556 افراد سے رائے لی گئی۔ یہ سروے نیویارک میں سٹیٹ اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز ن کے سابق صدر کے خلاف غیر معمولی مقدمہ دائر کرنے کے بعد کیا گیا ے۔ اس مقدمے میں ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے فائدہ مند مالی شرائط کے حصول کے لیے اپنے اثاثوں کی قیمت دھوکہ دہی سے بڑھا چڑھا کر پیش کی۔ سابق صدر کے خلاف یہ قانونی چارہ جوئی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ان کو جارجیا کے الیکشن میں مداخلت اور اہم خفیہ دستاویزات اپنے مار آ لاگو کے گھر لے جانے پر کاروائیوں کا سامنا ہے۔اس سروے کے نتائج ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مکمل طور پر پریشان کن نہیں ہیں۔ یاہو نیوز اور یو گو کے پچھلے سروے کے مطابق صدر جو بائیڈن کو عوامی مقبولیت میں ٹرمپ پر بیالیس کے مقابلے میں اڑتالیس پوائنتس سے برتری حاصل تھی لیکن تازہ ترین سروے میں یہ فرق دو پوائنٹس کے ساتھ کم ہوا ہے۔ اب بائیڈن کو سنتالیس فیصد اورٹرمپ کو پنتالیس فیصد مقبولیت حاصل ہے۔اس لحاظ سے ڈونلڈ ٹرمپ آج بھی بائیڈن کے سب سے بڑے حریف ہیں۔ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ری پبلکن پارٹی کے اندر ٹرمپ کے اثرورسوخ میں کمی آئی ہے۔صدر ٹرمپ کی مار آ لاگو رہائش گاہ پر ایف بی آئی کے چھاپے کے بعد ری پبلکن لیڈر ٹرمپ کے ساتھ اکھٹے ہو گئیتھے اور 54 فیصد نے آئندہ صدارتی انتخاب کے لیے ٹرمپ کو ہی امیدوار بنانے کے حق میں رائے دی تھی جبکہ اس سے پہلے یہ شرح اڑتالیس فیصد تھی۔لیکن تازہ ترین سروے کے مطابق، جب مار آ لاگو کا معاملہ کچھ پرانا ہو گیا ہے، سال 2024 کی پرائمریز کے لیے ٹرمپ کی حمایت میں سات فیصد کمی آئی ہے۔ ان کے لیے حمایت اب سنتالیس فیصد رہ گئی ہے جبکہ پارٹی کے اندر ان کے کسی ممکنہ حریف کے لیے حمایت میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے۔دوسرے لفظوں میں اب بھی نصف سے کچھ ہی کم ری پبلکن ووٹر آئندہ صدارتی نامزدگی کے لیے ٹرمپ کے حامی ہیں۔ جبکہ فلوریڈا کے گورنر ران ڈیسینٹس کے لیے حمایت 34 فیصد ہے۔نیویارک سٹیٹ کے ٹرمپ کے خلاف مقدمے کے بارے میں 27 فیصد امریکیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے۔ 34 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے کچھ معلومات رکھتے ہیں۔ 20 فیصد کا کہنا ہے کہ ان کو بہت کم معلوم ہے اور 19 فیصد کہتے ہیں کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

 

Related Articles