200 کروڑ کی منی لانڈرنگ: جیکولین فرنینڈس کو بلآخر ضمانت مل گئی
ممبئی،نومبر۔کروڑوں کی منی لانڈرنگ میں مطلوب بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو بلآخر ضمانت مل گئی۔خیال رہے کہ چند روز قبل عدالت نے جیکولین فرنینڈس کے خلاف 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کردیا تھا۔تاہم آج ہونے والی سماعت کے بعد عدالت نے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔واضح رہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع دی گئی تھی۔خیال رہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس پر اپنے بوائے فرینڈ سکیش چندر شیکھر سے مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزامات ہیں جبکہ چندر شیکھر کروڑوں روپے کے بھتے وصول کرنے کے الزام میں جیل میں قید ہے انہیں رواں برس مئی میں گرفتار کیا گیا تھا۔چندر شیکھر سے منسوب کروڑوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس بطور ملزم نامزد ہیں۔رواں برس اگست میں نئی دلی کی عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک ضمنی چارج شیٹ جمع کروائی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سکیش چندرشیکھر نے کس طرح منی لانڈرنگ کی۔چندرشیکھر پر الزام ہے کہ اس نے آدیتی سنگھ اور شویندر سنگھ سے 215 کروڑ روپے بھتے کی شکل میں وصول کیے تھے۔بھارتی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اپنی چارج شیٹ میں کہا تھا کہ سکیش چندرشیکھر نے جیکولین فرنینڈس کو 5 کروڑ 71 لاکھ روپے کے تحائف دیے جو ان ملزمان نے جرائم کرتے ہوئے حاصل کیے تھے۔چارچ شیٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اداکارہ نے سکیش سے یہ تحائف وصول کیے جبکہ انہیں یہ معلوم تھا کہ یہ رقم غیرقانونی طریقے سے حاصل کی گئی ہے۔جون میں جیکولین کو دہلی ہائی کورٹ نے آئیفا ایوارڈز کے لیے ایک کروڑ روپے زر ضمانت پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں سری لنکن شہری اور بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 25 ستمبر کو عبوری ضمانت ملی تھی۔