200کروڑ کا منی لانڈرنگ کیس، جیکولین فرنینڈس اور نورا فتحی سے متعلق نئے انکشافات
ممبئی،ستمبر۔بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکیش چندر شیکھر کے ساتھ رابطے میں رہیں جبکہ نورا فتحی نے ملزم سے تعلقات ختم کر لیے تھے۔میڈیا ’این ڈی ٹی‘ کے مطابق جیکولین فرنینڈس سکیش چندر شیکھر سے اس قدر متاثر تھیں کہ وہ اِنہیں ’اپنے خوابوں کا راجا‘ تصور کرنے لگی تھیں اور سکیش سے شادی کا بھی سوچ رہی تھیں۔دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (EOW) نے گزشتہ روز اداکارہ نورا فتحی سے 200 کروڑ روپے کی بھتہ خوری میں ملوث، تہاڑ جیل میں بند ملزم سکیش چندر شیکھر سے تعلقات اور اس سے ملنے والے تحائف سے متعلق پوچھ گچھ کی۔ای او ڈبلیو کے اسپیشل کمشنر آف پولیس، رویندر یادو نے اس کیس سے متعلق بات کرتے بتایا ہے کہ اداکارہ نورا فتحی کے بہنوئی کو 2021ء میں سکیش سے بی ایم ڈبلیو ملی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کی پوچھ گچھ کے دوران یہ تضاد بھی واضح ہو گیا ہے کہ سکیش سے BMW نورا نے نہیں بلکہ اْن کے بہنوئی نے لی تھی، نورا نے سکیش سے بی ایم ڈبلیو کا تحفہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔رویندر یادو نے مزید کہا کہ اداکارہ جیکولین کے لیے زیادہ پریشانی کی بات ہے کیونکہ اس نے سکیش کے مجرمانہ کردار کو جاننے کے بعد بھی اس سے تعلق نہیں توڑا مگر سکیش سے متعلق جب نورا کو شک ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے تو نورا نے خود ہی سے سکیش سے رابطہ ختم کر لیا تھا۔رویندر یادو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا کہ سکیش اداکاراؤں کو ورغلانے کی کوشش کر سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس منی لانڈرنگ اور بھتہ خوری سے بنائی ہوئی لاتعداد جائیدادیں ہیں۔اس سے قبل ای او ڈبلیو (EOW) نے سکیش کی سابقہ گرل فرینڈ، بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز سے اس کیس کے سلسلے میں آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔دہلی پولیس کے ونگ (EOW) کا بتانا ہے کہ دونوں اداکاراؤں سے تفتیش کے دوران اس کیس سے براہ راست تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جیکولین ملزم سکیش پر فریفتہ تھیں جبکہ نورا نے سکیش سے کبھی ملاقات نہیں کی تھی، نورا کی واٹس ایپ کے ذریعے سکیش سے دو بار بات ہوئی تھی۔دہلی پولیس کی جانب سے آج پھر اس کیس میں نامزد تین افراد کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے جس میں اداکارہ نورا فتحی،اْن کے بہنوئی محبوب عرف بوبی خان اور پنکی ایرانی شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نورا کے بہنوئی مراکش کے رہائشی ہیں مگر زیادہ تر ممبئی میں رہتے ہیں اور بالی ووڈ انڈسٹری میں بطور ہدایتکار کام کرتے ہیں۔