یوکرین میں برطانوی سفارت خانہ اگلے ہفتے کھول دیا جائے گا، وزیراعظم
لندن ،اپریل۔ وزیراعظم بورس جانسن نے نئی دہلی میں، جہاں انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے ساتھ مذاکرات کئے، ایک نیوز کانفرنس میں اعلان کیا کہ کیف کے اطراف سے روسی فوج واپس بلا لئے جانے کے بعد اب یوکرین کے دارالحکومت کیف میں برطانوی سفارت خانہ اگلے ہفتے کھول دیاجائے گا۔ وزیراعظم بورس جانسن یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی سے ملاقات کیلئے اس مہینے کے اوائل میں کیف گئے تھے، جہاں انھوں نے یوکرین کو 100 ملین پونڈ مالیت کا اسلحہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ برطانوی سفیر میلنڈا سائمنز نے بتایا ہے کہ وہ یوکرین واپس جارہی ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ روس کی بمباری اگلے سال کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ وہ پولینڈکی مدد کیلئے ٹینک بھیجنے پربھی غور کررہے ہیں کیونکہ پولینڈ نے یوکرین کو بھاری اسلحہ فراہم کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ روس کے پاس بڑی فوج ہے لیکن پیوٹن ایک تباہ کن غلطی کربیٹھنے کی وجہ سے ان دنوں مشکل سیاسی صورت حال سے دوچار ہیں اور ان کے پاس واحد آپشن یہی ہے کہ وہ اپنی فوج کو استعمال کرتے ہوئے یوکرین کو شکست دینے کی کوشش کریں۔ انھوں نے کہا کہ فوجی بالادستی کے زور پر پیوٹن کامیاب ہوسکتے ہیں لیکن اس میں مزید چند ماہ لگیں گے لیکن وہ یوکرین کے عوام کے جذبے کو فتح نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا کہ وہ غور کر رہے ہیں کہ برطانیہ پولینڈ جیسے ملکوں کی اسلحہ کی ضرورت کیسے پوری کرسکتے ہیں، جو یوکرین کے دفاع کیلئے بھاری اسلحہ یوکرین بھیجنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پولینڈ کی مدد کیلئے اس کو ٹینک بھیجنا چاہتے ہیں۔