یوکرین حملے پریورپی یونین کا ردعمل؛سات روسی بینکوں کا سوئفٹ نظام سے اخراج
برسلز،مارچ۔یورپی یونین نے سات روسی بینکوں کو پیغام رسانی کے سوئفٹ نظام سے خارج کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس نے یہ فیصلہ یوکرین پرروس کے حملے کے ردعمل میں پابندیوں کے حصے کے طور پر کیا ہے۔سوئفٹ نظام عالمی لین دین اور بینک کاری میں اساسی حیثیت رکھتا ہے۔یورپی یونین کے سرکاری جریدے نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ روسی بینکوں کو اپنی سوئفٹ کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا جائے گا۔ان میں روس کا دوسرا سب سے بڑا بینک وی ٹی بی ، اس کے ساتھ بینک اوترکیتی ، نوویکوم بینک، پرومسویازبینک، بینک روسیا، سووکوم بینک اور وی ای بی شامل ہیں۔یورپی یونین کے ایک سینیرعہدہ دار نے وضاحت کی ہے کہ اس فہرست میں شامل بینکوں کا انتخاب روسی ریاست سے ان کے رابطوں اور تعلق کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ سنہ 2014 میں روس کے ساتھ ریاست کریمیا کے الحاق کے بعد سرکاری بینکوں پرپہلے ہی پابندیاں عاید کی جا چکی ہیں۔اس عہدہ دار نے کہا کہ ہم نے روس کے پورے بینک کاری نظام پر مکمل پابندیاں عاید نہیں کی ہیں بلکہ سوئفٹ کے تحت پابندیوں کی زد میں آنے والے بینک وہ ہیں،جن کا روسی ریاست کے ساتھ تعلق اور لین دین ہے اور یہ تعلق جنگی کوششوں میں بھی کارفرما ہے۔روس کے سب سے بڑے قرض دہندگان سبربینک اور گیزپروم بینک کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہ روس کے برآمد کردہ تیل اورگیس کی بیرونی ادائیگیوں کے اہم ذرائع ہیں اور یورپی یونین کے ممالک تنازع کے باوجود اب بھی روس سے تیل اور گیس خریدکررہے ہیں۔یورپی عہدہ دار نے کہا کہ یہ ناممکن ہے کہ صرف توانائی سے متعلق لین دین کی اجازت دی جائے اور دوسروں کو خارج کیا جائے کیونکہ سوئفٹ نظام ادائیگیوں کی اقسام میں فرق کرنے سے قاصر ہے اوریہ دونوں بینک بہرحال دیگر اقدامات کی پاسداری کے پابند ہیں۔یورپی یونین، امریکا، برطانیہ اور کینیڈا نے ہفتے کے روز بعض روسی بینکوں کو سوئفٹ سے لین دین سے روکنے کی کوشش کی تھی حالانکہ اس وقت یہ نہیں بتایا گیا کہ کون سے بینک پابندیوں کی زدمیں آرہے ہیں۔دنیا بھر میں سوئفٹ کے قریباً 11,000 ارکان ہیں اور اس کا کوئی واضح عالمی حریف نہیں ہے۔ یورپی یونین کے حکام کا کہنا ہے کہ چین نے اپنا ایک نظام قائم کیا ہے حالانکہ یہ محدود اور چھوٹا ہے جبکہ روسی نظام کے وجود کے باوجود سوئفٹ کو روس کے اندر قریباً 70 فی صد رقوم کی منتقلی اور ترسیل کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔اس کے بغیر روسی بینک اب بھی فیکس یا دو طرفہ پیغام رسانی کے نظام کے ذریعے رقوم کی منتقلی کرسکتے ہیں لیکن اس دوطرفہ قابل عمل پیغام رسانی کا وجود ہونا ضروری ہے۔