یونان میں ٹرینوں کی ٹکر: درجنوں افراد ہلاک اور زخمی
ایتھنز،مارچ۔فائر سروس کے مطابق وسطی یونان میں دو ٹرینوں میں تصادم کی وجہ سے کم از کم 32 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق تصادم اتنا زوردار تھا کہ مسافر ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔وسطی یونان میں دو ٹرینوں میں تصادم کی وجہ سے کم از کم 32 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔مقامی فائر بریگیڈ کے مطابق منگل کو دیر رات گئے وسطی یونان میں ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم ازکم 32افراد ہلاک اور دیگر 85زخمی ہو گئے۔ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔اطلاعات کے مطابق ٹرین میں تقریباً 350 مسافر سوار تھے۔ حادثے سے متعلق متعدد مقامی نیوز سائٹس پر شائع ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھ رہے ہیں۔
ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟تھیسالی علاقے کے گورنر کونسٹنٹینوس اگوراسٹوس نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ دارالحکومت ایتھنز سے تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین تھیسالونیکی سے لاریسا جانے والی ایک کارگو ٹرین سے لاریسا کے مرکزی شہر کے قریب ٹکرا گئی۔فائر بریگیڈ نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ 16 افراد ہلاک ہوئے تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق اب 32افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ85 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔گورنر کا مزید کہنا تھا کہ تصادم بہت زوردار تھا اور مسافر ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ مال بردار ٹرین سے ٹکر کی وجہ سے پہلی دو بوگیاں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد تقریباً 250 مسافروں کو بحفاظت بسوں میں تھیسالونیکی پہنچایا گیا۔اینجلوس تسیموراس نامی ایک مسافر نے سرکاری ٹیلیویڑن سے بات چیت میں کہا کہ یہ حادثہ زلزلے کی طرح محسوس ہوا۔ فائر بریگیڈ کے ترجمان واسلیس ورتھاکوگیانیس نے ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والے خطاب میں کہا کہ دو ٹرینوں کے تصادم کی شدت کو دیکھتے ہوئے مسافروں کو نکالنے کا کام انتہائی مشکل حالات میں جاری ہے۔