یوراج، دھون نے ڈیف کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا
نئی دہلی، ستمبر۔ہندوستان کے لیجنڈری آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور تجربہ کار بلے باز شکھر دھون نے ڈی آئی سی سی، ٹی 20 چیمپئنز ٹرافی 2022 کے لئے روانہ ہونے والی انڈین ڈیف کرکٹ ٹیم کے لئے پیرکو نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یووراج نے ایک خط کے ذریعے کہا، میں پرجوش کھلاڑیوں، بورڈ کے اراکین اورانڈین ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی سی اے) کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آئی ڈی سی اے کی پیش رفت اور ترقی میں آپ کی انتھک کوششوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ یہ ملک بھر کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہت بڑا موقع فراہم کر رہا ہے۔متحدہ عرب امارات میں ڈی آئی سی سی ٹی20 چیمپئنز ٹرافی 2022 کے لئے تیارپوری ٹیم کے لیے میری نیک خواہشات۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب اپنی پوری کوشش کریں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ٹیم کو لکھے گئے خط میں دھون نے کہا، ’’ہندوستانی ڈیف کرکٹ ٹیم کے معذور کھلاڑیوں کے لیے میری نیک خواہشات۔ یہ ٹیم متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی ڈی آئی سی سی ٹی20 چیمپئنز ٹرافی 2022 میں ہندوستان کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ڈی آئی سی سی) یکم اکتوبر سے 9 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ٹی20 چیمپئنز ٹرافی 2022 کا انعقاد کرے گی جس میں ہندوستان کی ڈیف کرکٹ ٹیم شرکت کرے گی۔ ٹورنامنٹ میں بھارت کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔انڈین ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی سی اے) نے پیر کو ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی نئی جرسی کی نقاب کشائی کی۔آئی ڈی سی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)، روما بلوانی نے ایونٹ کے تئیں اپنا جوش خروش ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’ڈی آئی سی سی ٹی20 چیمپئنز ٹرافی دویانگ افراد میں کھیل کو فروغ دینے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔ ہم چیمپئن شپ مقابلے لیے مکمل طورپر تیار ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ میدان میں ہماری ٹیم اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرے گی۔ ہم تمام کھلاڑیوں سے محبت کی درخواست کرتے ہیں۔ ان کی حمایت سے ہمارے کھلاڑیوں کو میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا حوصلہ ملے گا۔”آئی ڈی سی اے کے صدر سمیت جین نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی اس چمپئن شپ کے لیے پوری طرح تیار اور پرجوش ہیں۔ وہ اس شاندار ٹائٹل کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔