یواے ای کے مشیرقومی سلامتی شیخ طحنون کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات
دبئی،دسمبر۔متحدہ عرب امارات کے مشیر برائے قومی سلامتی شیخ طحنون بن زیدآل نہیان نے پیر کے روزایرانی دارالحکومت تہران میں صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم رئیسی اور شیخ طحنون نے ’’دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے امکانات اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے‘‘۔شیخ طحنون نے اپنے ایرانی ہم منصب علی شمخانی سے بھی ملاقات کی ہے۔ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ شیخ طحنون کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تازہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہے۔انھوں نے تہران کا یہ دورہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ویانا میں مذاکرات کے چند روز بعد کیا ہے۔ویانا مذاکرات کا مقصد2015ء میں ایران اور چھے عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی ہے۔گذشتہ ماہ ایران کے نائب وزیرخارجہ اور اعلیٰ جوہری مذاکرات کارعلی باقری کانی نے ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تھی۔