یمن کی صورت حال دل چیر دینے والی ہے : انجلینا جولی

نیویارک،مارچ۔اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پناہ گزین کی خاتون نمائندہ انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ یمن کی صورت حال "دل چیر دینے والی اور غم و غصہ بھڑکانے والی ہے”۔انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز ایک بین الاقوامی کانفرنس میں وڈیو کال کے ذریعے اپنے خطاب کے دوران میں کہی۔ یہ کانفرنس یمن میں انسانی امور کی سپورٹ کے لیے منعقد کی گئی۔ انجلینا کے مطابق انہوں نے 10 روز قبل یمن کا دورہ کیا تھا اور چالیس لاکھ پناہ گزینوں میں ایک چھوٹے مجموعے کے ساتھ ملاقات کی۔انجلینا نے مزید بتایا کہ "میں نے ایک غیر سرکاری پناہ گاہ کا دورہ کیا تھا جہاں 130 خاندان رہ رہے ہیں۔ ان میں صرف 20 خاندانوں کو غذائی امداد مل رہی ہے وہ بھی جب فنڈنگ دستیاب ہو”۔امریکی اداکارہ نے زور دیا کہ انسانوں کی جانب سے جنم دیے گئے اس بحران پر روک لگانا لازم ہے۔ انجلینا نے مزید بتایا کہ "میں نے ایک متبادل اسکول کا دورہ کیا جو 5 چھوٹے اور تاریک کمروں پر مشتمل تھا۔ یہاں بچے زمین پر بیٹھے ہوئے تھے۔ انہوں نے اور استانی نے کھانا نہیں کھایا تھا”۔اقوام متحدہ نے بدھ کے روز اعلان میں بتایا تھا کہ 36 عطیہ کنندہ فریقوں کی جانب سے 1.3 ارب ڈالر دینے کے وعدے کیے گئے ہیں۔ یہ رقم 2022ء کے لیے یمن میں اقوام متحدہ کے انسانی منصوبے کے لیے ہو گی۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس مذکورہ کانفرنس کے ذریعے 4.27 ارب ڈالر کی رقم حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ یہ رواں برس یمن کے لیے اقوام متحدہ کے اس منصوبے کے اخراجات ہیں جس کا مقصد 1.73 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچانا ہے۔اس منصوبے کے تحت تقریبا 70 لاکھ افراد کو غذا فراہم کی جائے گی ، 1.1 کروڑ سے زیادہ افراد کو پانی ، نکاسی آب اور صحت و صفائی کی سہولت ملے گی ، 1.3 کروڑ افراد کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی اور 50 لاکھ سے زیادہ بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔

Related Articles