یاماگوچی پر سنسنی خیز جیت سے سندھو ورلڈ ٹور فائنلس کے خطاب مقابلے میں

بالی، دسمبر۔اولمپک میڈلسٹ ہندوستان کی پی وی سندھو نے ہفتہ کو جاپان کی اکانے یاماگوچی کے خلاف تین گیمز میں جدوجہد سے پر اور سنسنی خیز جیت درج کرکے ورلڈ ٹور فائلنس بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلے میں جگہ بنالی۔ سندھو نے ایک گھنٹہ 10 منٹ تک جاری رہنے والے سنسنی خیز سیمی فائنل مقابلے میں یاماگوچی کو 21-15، 15-21، 21-19 سے شکست دی۔ سندھو کا فائنل میں کوریا کی اے این سی ینگ سے مقابلہ ہوگاجن کے خلاف سندھو کا 0-2 کاکیریئر ریکارڈ ہے۔ سندھو نے پہلا گیم 21-15 سے جیتا لیکن دوسرا گیم 15-21 سے ہار گئی۔ سندھو فیصلہ کن گیم میں 15-12 سے آگے تھی اور انہوں نے دو پوائنٹس لے کر اپنی برتری کو 17-12 پہنچادیا۔ جاپان کھلاڑی نے واپسی کرتے ہوئے لگاتار پانچ پوائنٹس جمع کئے اور اسکور 17-17 سے برابر کردیا۔ سندھو نے پھر 18-17 کی برتری حاصل کی لیکن یاماگوچی نے 18-18 سے برابری کرنےکے بعد ایک پوائنٹ لے کر 19-18 کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پھر 19-19 سے برابری کی اور دوپوائنٹس لے کر میچ کو 21-19 سے ختم کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں سیانگ نے تھائی لینڈ کی پورنپاوی چوکوانگ کو 55 منٹ میں 25-23، 21-17 سے شکست دی۔

Related Articles