گائیڈلائن تبدیل، ملک کو ’’اومی کرون‘‘ کے سونامی کا خطرہ ہے، نکولا سٹرجن
گلاسگو ،دسمبر۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے خبردار کیا ہے کہ ملک کو کورونا کی نئی قسم ’اومی کرون کے سونامی کا خطرہ‘ ہے اور بہت ممکن ہے کہ نیا وائرس کورونا کی انڈین قسم ڈیلٹا کو بھی پیچھے چھوڑ دے، نکولا سٹرجن کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے اب تک جو110نئے وائرس سامنے آئے ہیں، یہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں، نکولا سٹرجن نے سیلف آئسولیشن گائیڈ لائن میں بھی تبدیلی کردی ہے، آج سے شروع ہونے والی نئی ہدایات کے مطابق اگر گھر کا کوئی بھی فرد کورونا کے مریض سے رابطے میں آتا ہے تو وہ 10دن تک تنہائی میں رہے گا، بے شک اس نے دونوں ویکسین لے رکھی ہوں۔ نکولا سٹرجن نے عوام پر زور دیا کہ وہ کرسمس کی پارٹیوں کو منسوخ کردیں کیونکہ یہ کورونا کے پھیلائو کا ایک بڑا سبب بن سکتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے ڈپٹی فرسٹ منسٹر جان سونی نے بھی عوام کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں صورت حال تیزی سے تبدیل ہونے کا خدشہ ہے، چنانچہ مستقبل میں کورونا لاک ڈائون کے متعلق نئی پابندیاں لگانے کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔