کینیڈا میں منشیات سے بھرا بیگ لے جانے والا کبوتر گرفتار
برٹش کولمبیا،جنوری۔عجیب اور حیران کن خبر کا اعلان کرتے ہوئے کینیڈین حکام نے بتایا کہ ایک کبوتر کو جیل کے صحن میں منشیات سے بھرے بیگ کے ساتھ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔کینیڈین ایسوسی ایشن آف کریکشنل آفیسرز کے پیسیفک ریجنل صدر جان رنڈل نے کہا کہ کبوتر کو 29 دسمبر کو برٹش کولمبیا میں پیسیفک کریکشنل انسٹی ٹیوشن کے صحن میں ’گرفتار‘ کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کبوتر کے ساتھ منسلک کینوس کے بیگ میں میتھیمفیٹامین موجود تھی۔جان رنڈل نے کہا کہ حالیہ برسوں میں جیل کے افسران منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء لے جانے والے ڈرونز کی تلاش میں رہتے تھے تاہم ایک اصلاحی افسر کے طور پر میں نے 13سالوں میں پہلی مرتبہ منشیات سمگلنگ میں کسی پرندے کے استعمال کے بارے میں سنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون کے مقابلے میں کبوتر کے استعمال نے تفتیش میں مشکلات پیدا کی ہیں، کیونکہ ڈرون کی درستی نے سمگل شدہ سامان کے مطلوبہ وصول کنندہ کی شناخت کرنا آسان بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ میں مجرموں کی تخلیقی صلاحیتیں ہر ایک کے لیے تشویش کا باعث بنی ہیں۔ پیسیفک انسٹی ٹیوٹ کے ایک اسسٹنٹ وارڈن ڈیویندر اوگلا نے تصدیق کی کہ اس سہولت میں ممنوعہ اشیاء کی حالیہ روک تھام ہوئی ہے اور یہ معاملہ زیر تفتیش ہے۔