کیلی فورنیا میں فائرنگ سے چھ افراد قتل، پولیس کو شوٹرز کی تلاش
کیلی فورنیا ،اپریل۔امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے دارالحکومت سیکرامینٹو کی پولیس کو دو ایسے افراد کی تلاش ہے جنہوں نے اتوار کو شہر کے مرکزی علاقے میں فائرنگ کر کے چھ افراد ہلاک اور 12 کو زخمی کر دیا تھا۔خبروں کے مطابق سیکرامینٹو پولیس کی سربراہ کیتھی لیسٹر واقعے کی تحقیقات کی کچھ تفصیل سامنے لائی ہیں اور عوام سے التجا کی ہے کہ وہ ویڈیوز اور دیگر ثبوت حکام کو فراہم کریں تاکہ قاتلوں تک پہنچا جا سکے۔اتوار کی صبح کیلی فورنیا کے ریاستی دارالحکومت سیکرامینٹو میں فائرنگ کے واقعے میں تین مرد اور تین خواتین مارے گئے تھے جب کہ 12 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔خبروں کے مطابق پولیس سربراہ کیتھی لیسٹر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ رات دو بجے کے قریب شہر کے مرکزی علاقے میں متعدد شوٹرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت علاقے میں قریب ہی پیٹرولنگ پر موجود پولیس افسران نے فائرنگ کی آواز سنی اور لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار جب جائے وقوع پر پہنچے تو وہاں ایک بڑا ہجوم تھا اور متعدد ایسے افراد موجود تھے جو فائرنگ کی زد میں آئے تھے اور ان کو گولیاں لگی تھیں۔سربراہ پولیس کے بقول فائرنگ سے چھ افراد جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو چکے تھے جن میں تین مرد اور تین خواتین شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 12 دیگر افراد گولیاں لگنے سے زخمی تھے جنہیں مقامی اسپتالوں میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔خبروں کے مطابق لیسٹر نے پولیس ہیڈکوارٹرز میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ جس طرح کا تشدد ہمارے شہر میں ہوا میرے 27 سال کے عرصے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سانحے پر حیران ہیں اور ہمارے دل ٹوٹے ہوئے ہیں البتہ پولیس ذمہ داروں کو تلاش کرنے اور متاثرین اور لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ایک ایجنسی کے طور پرکام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔سیکرامینٹو کے میئر ڈیرل اسٹین برگ اور شہر کے دیگر حکام نے شہر میں بڑھتے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ این بی اے گیمز اور براڈوے میوزکل وکڈ کی پرفارمنس جیسے پروگرامات کے لیے ڈاؤن ٹاؤن آتے رہیں۔ڈاؤن ٹاؤن کے علاقے میں اعلیٰ درجے کے ہوٹل، نائٹ کلبز اور بار موجود ہیں جب کہ وہاں گولڈن ون سیںٹر بھی ہے جہاں ٹیم سیکرامینٹو کنگز باسکٹ بال کھیلتی ہے۔فائرنگ کا واقعہ ان مقامات کے ساتھ سڑک پر لڑائی کے فوری بعد پیش آیا۔ البتہ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ آیا جھگڑے کا فائرنگ سے کوئی تعلق تھا۔علاوہ ازیں پولیس کو ایک ہینڈگن بھی ملی ہے لیکن انہیں اس بارے میں نہیں معلوم کہ آیا یہ شوٹنگ میں استعمال ہوئی ہے۔ سیکرامیںٹو کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق 12 زخمیوں میں سے چار کو شدید زخم آئے ہیں۔صدر جو بائیڈن نے اتوار کو جاری ایک بیان میں گن کرائمز (بندوق سے ہونے والے جرائم) کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔بائیڈن کا کہنا ہے کہ آج امریکہ ایک مرتبہ پھر گن وائلنس سے متاثر ہونے والی ایک اور علاقے کے لوگوں کے لیے سوگ منا رہا ہے البتہ ہمیں سوگ منانے سے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا، ہمیں ضرور ردِعمل دینا ہوگا۔