کپل شرما کے ساتھی کامیڈین نے زہر کھالیا
ممبئی،جنوری۔بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کے ساتھی اداکار تیرتھ آنند راؤ جو خود بھی کامیڈین ہیں نے زہر کھالیا۔بھارت میں گزشتہ دو برسوں کے دوران کورونا کے باعث کئی چھوٹے فنکار شدید پریشان ہیں اور مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ کچھ فنکاروں نے تو اس مشکل صورتحال میں سوشل میڈیا پر دیگر فنکاروں سے مالی امداد کی درخواست بھی کی ہے۔ تاہم کچھ اس صورتحال سے اتنے دلبرداشتہ ہوئے کہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش بھی کی۔ان ہی میں سے ایک بھارتی کامیڈین تیرتھ آنند راؤ ہیں جنہوں نے کورونا کے باعث ہونے والی مالی پریشانیوں کے سبب زہر کھا لیا۔ میڈیا کے مطابق تیرتھ آنند راؤ گزشتہ 15 برس سے شوبز کی دنیا سے وابستہ ہیں۔ وہ کامیڈین ہونے کے علاوہ معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کے ہمشکل کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تیرتھ آنند نے مالی مشکلات کی وجہ سے 27 دسمبر کو زہر کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم خوش قسمتی سے ان کے پڑوسیوں نے انہیں صحیح وقت پر اسپتال پہنچایا جس کی وجہ سے ان کی زندگی بچ گئی۔تیرتھ آنند راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتہائی قدم اٹھانے کے بارے میں بتایا کہ مالی مشکلات کے سبب ان کے گھروالوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑدیا۔ یہاں تک کہ اسپتال میں ان کی ماں اور بھائی بھی ان سے ملنے نہیں آئے۔واضح رہے کہ تیرتھ آنند راؤ نے کپل شرما اور بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ شوئیتا تیواری کے ساتھ ’’کامیڈی سرکس کے عجوبے‘‘ میں کام کیا تھا۔