کویت: وزیر اعظم شیخ احمد نے نئی کابینہ تشکیل دے دی
کویت،اپریل۔کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف آل صباح نے مملکت کی نئی کابینہ کے لئے وزراء کا انتخاب مکمل کر لیا ہے۔کویتی سرکاری نیوز ایجنسی نے کابینہ کے ارکان کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان نہیں کیا۔شیخ احمد کو مارچ میں کویت کیولی عہد نے دوبارہ وزیراعظم مقرر کیا تھا اور انھیں کابینہ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ولی عہد شیخ مشعل الاحمد آل صباح نے گذشتہ سال شیخ احمد کو پہلی مرتبہ وزیر اعظم نامزد کیا تھا اور ملک میں جاری سیاسی تعطل کو ختم کرنے کے لیے پارلیمنٹ تحلیل کر کے قبل از وقت انتخابات کروائے تھے۔ ان میں حزب اختلاف کے ارکان نے کامیابی حاصل کی تھی۔لیکن پارلیمان میں حزب اختلاف اور حکومت کے درمیان گذشتہ سال اکتوبرمیں ایک مرتبہ پھر اس وقت دوبارہ کشیدگی پیدا ہوگئی جب قانون سازوں نے حکومت پر قرضوں میں ریلیف بل کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔اس کے تحت ریاست کو کویتی شہریوں کے ذاتی قرضے خریدنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔حزب اختلاف نے دو وزراء سے پوچھ تاچھ کرنے کی بھی کوشش کی، جس پر حکومت کو جنوری میں استعفا دینا پڑا تھا۔اگرچہ کویت کے پاس مضبوط مالیاتی اور بیرونی بیلنس شیٹ ہے لیکن مسلسل سیاسی جھگڑے اور ادارہ جاتی تعطل نے سرمایہ کاری اور اصلاحات کو متاثر کیا ہے۔ ان معاشی اصلاحات کا مقصد کویت کے تیل کی آمدن پر بھاری انحصار کو کم کرنا ہے۔