کویت: تیل رسنے کے سبب ہنگامی حالت نافذ، کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا
کویت،مارچ۔کویت کی سرکاری آئل کمپنی نے ایک لیکج کے سبب تیل کے رسائو کو قابو میں کرنے کے لئے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔کویت کی سرکاری کمپنی کے مطابق تیل کے زمین پر موجود ایک ذخیرے سے تیل کے رسنے کے سبب کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور تیل کی پیداوار بھی متاثر نہیں ہوئی۔کویتی میڈیا پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک آئل فیلڈ پر تیل کے پائپ سے تیل لیک ہوتا دیکھا جاسکتا ہے۔آئل کمپنی کے ایک ترجمان قصے الامر کے مطابق اب تک تیل کے رسنے سے مہلک دھویں کے پھیلنے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ لیکج زمین پر موجود آئل فیلڈ میں ہوئی ہے مگر اس کا علاقہ رہائشی علاقوں سے دور ہے۔الامر کے مطابق تیل کے رسائو کو بند کرنے کے لئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جو کہ جلد اپنا کام مکمل کر لیں گی۔کویت اوپیک تنظیم کا ایک اہم رکن ہے اور روزانہ تقریبا 2.7 ملین بیرل تیل پیدا کر رہا ہے۔