کویتی ولی عہد اور سعودی وزیرخارجہ کا دونوں ملکوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال

کویت،فروری۔کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابرالصباح اور سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا ہے۔اتوارکودونوں نے اپنی ملاقات میں برادرممالک اور عوام کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے مواقع اورخطے میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔شیخ مشعل نے کویت کے سرکاری دورے پر آئے شہزادہ فیصل بن فرحان کا بیان محل میں استقبال کیا۔ وہ ہفتے کے روز کویت پہنچے تھے جہاں ایئرپورٹ پران کے کویتی ہم منصب شیخ سالم عبداللہ الجابرالصباح اور کویت میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ سلطان بن سعد بن خالد نے ان کا خیرمقدم کیا۔سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہداور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے کویتی قیادت کو مبارک بادکا پیغام پہنچایا اور برادر ملک کویت کی مزید ترقی وخوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

Related Articles