کونسی اداکارہ بنیں گی مدھو بالا؟ قیاس آرائیاں جاری
ممبئی ،جولائی ۔برصغیر کی فلمی تاریخ کی حسین ترین اور عہد ساز اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر جلد ہی بائیوپک بننے والی ہے۔جب سے مدھوبالا کی زندگی پر فلم بننے کا اعلان ہوا ہے تب سے قیاس آرئیاں کی جا رہی ہیں کہ کون سی ہیروئین اس فلم میں مرکزی کردار ادا کریگی۔اس حوالے سے دیپیکا پڈوکون ، عالیہ بھٹ ، کائرہ ایڈوانی اورکریتی سین کانام لیا جا رہا ہے۔مدھو بالا کی بہن مدھر بھوشن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا مدھوبالا کی حالات زندگی پر بنائی جانے والی فلم (بایوپک) میں ان کے کشور کمار یا دلیپ کمار سے تعلقات کے بارے میں گفتگو نہیں ہوگی۔بہن مدھر بھوشن کا کہنا ہے کہ ہمارا خاندان مدھو بالا کی زندگی پر فلم بنا کر انہیں اپنی یادوں میں برقرار رکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اداکارہ کی بایو پک مدھوبالا وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے ایک بہترین اسٹوڈیو اور پروڈکشن ہاؤس کے ذریعے تیار کی جارہی ہے۔