کورونا کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے، نکولا سٹرجن
گلاسگو ،فروری۔ا سکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن نے پارلیمنٹ کو کورونا وبا کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ہم بدترین صورتحال سے گزر کر اب بہتری کی طرف گامزن ہیں۔کوویڈ کیسز کی تعداد کم ہو رہی ہے لیکن ابھی ہم کو حفاظتی انتظامات مثلاً کورونا سر ٹیفکیٹ اور بعض مقامات پر ماسک کی ضرورت ہے، اگرچہ ہم اسکولوں میں بڑی عمر کے بچوں پر سے ماسک پہننے کی پابندی ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ نکولا اسٹرجن نے بتایا کہ کوویڈ سے نمٹنے کا طویل المدتی منصوبہ 22فروری کو شائع کیا جائے گا۔ انہوں نے سکاٹ لینڈ میں اومی کرون کی ایک ذیلی قسم BA2 کے 103 کیسز کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ ماہرین اس کو پوری طرح مانیٹر کر رہے ہیں۔ نکولا سٹرجن کا کہنا تھا کہ نئی قسم اومی کرون کی بنیادی قسم کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے تو پھیل سکتی ہے لیکن اس بات کی کوئی شہادت نہیں ملی کہ یہ زیادہ خطرناک ہے۔ نکولا سٹرجن نے بتایا کہ اب ہسپتالوں پر بھی دبائو نسبتاً کم ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کورونا کے متعلق چند حفاظتی پابندیاں نافذ ہیں لیکن مجموعی طور پر ملک میں عمومی زندگی اب خاصے نارمل انداز میں چل رہی ہے۔