کورونا وبا کے دوران بھی زندہ ہونے پر خوش ہوں: عدنان سمیع
ممبئی،ستمبر-پاکستانی میوزک انڈسٹری سے شہرت حاصل کرکے بھارت میں جا بسنے والے گلوکار عدنان سمیع نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بھی زندہ رہنے پر وہ بہت خوش ہیں۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عدنان سمیع نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’کورونا وائرس نے ہمیں انسانی زندگی کی قدر کرنا سِکھایا ہے، میں بہت شکر گزار ہوں کہ اس وبا کے دوران، میں ٹھیک ہوں اور میرا خاندان بھی ٹھیک ہے۔‘عدنان سمیع نے کہا کہ ’میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اْس نے ہمیں محفوظ رکھا جبکہ اس وبا کے دوران کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔‘اْنہوں نے کہا کہ ’میں آج کسی بھی چیز سے زیادہ اپنے خاندان اور اپنے پیاروں میں شامل ہونے پر خوش ہوں۔ میں اس بات پر بھی خوش ہوں کہ میرے پرستار ٹھیک ہیں کیونکہ میں انہیں اپنا خاندان سمجھتا ہوں۔‘عدنان سمیع نے کہا کہ ’زندگی کا جشن منانا بہت اچھا ہے، میں زندگی کو بالکل مختلف انداز میں دیکھ رہا ہوں، اس وبا کی وجہ سے مجھے زندگی کے لیے ایک نیا احترام ملا ہے اور میں اسے مکمل طور پر جینے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘گلوکار نے کہا کہ ’آج جب ہم ایک دوسرے کو فون کرتے ہیں تو ہماری پہلی بات ایک دوسرے کی صحت کے بارے میں پوچھنا ہے جبکہ اس سے پہلے ایسا کبھی نہ تھا کیونکہ ہم اپنی جانوں کو معمولی سمجھ رہے تھے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری صحت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تھی، لیکن افسوس کورونا وائرس سے پہلے صحت کا ہماری ترجیحی فہرست میں تیسرا، چوتھا یا پانچواں نمبر تھا۔‘واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 22 کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار 709 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 46 لاکھ 63 ہزار 197 ہو گئیں۔