کم کارڈیشین کے گھر پر ڈکیتی، 12 ملزمان کا ٹرائل پیرس میں ہوگا
پیرس،نومبر۔دنیا کی امیر ترین ٹی وی اسٹارز میں شمار ہونے والی امریکی ریئلٹی اسٹار کم کارڈیشین کے گھر ڈکیتی اور ایک کروڑ ڈالر مالیت کے زیورات لوٹنے کے کیس میں 12 ملزمان کا ٹرائل پیرس میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 2016 میں پیرس میں کم کارڈیشین کے زیورات لوٹے گئے تھے۔خبروںکے مطابق ریئلٹی ٹی وی اسٹار نے کہا کہ فیشن ویک کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے پیرس کے کرائے کے اپارٹمنٹ میں زبردستی داخل ہونے کے بعد ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر انہیں باتھ روم میں بند کر دیا تھا۔ایک عدالتی اہلکار نے بتایا کہ 5 سال کی تفتیش کے بعد تفتیشی ججز نے کیس کو ٹرائل کے لیے بھیجنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 12ملزمان کو چوری سے متعلق متعدد الزامات کا سامنا ہے تاہم مقدمے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے اور اہلکار نے بھی اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔دوسری جانب کم کارڈیشین ویسٹ کے نمائندے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔کئی مشتبہ افراد کو طبی وجوہات کی بنا پر جیل سے رہا کیا گیا ہے، جن میں 68 سالہ یونس عباس بھی شامل ہیں وہ ان پانچ افراد میں سے ایک ہیں جن پر ڈکیتی کا الزام ہے اور انہوں نے گزشتہ سال اس بارے میں ایک کتاب شائع کی تھی۔واقعے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ نے کم کارڈیشین ویسٹ کو جیل سے معافی نامہ لکھا جس میں کہا گیا کہ انہیں کیے پر پچھتاوا ہے اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار کو پہنچنے والے اس نفسیاتی نقصان کا احساس ہے۔اس وقت کم کارڈیشین کی ایک ترجمان نے کہا تھا کہ وہ بری طرح ہل گئی تھی لیکن جسمانی طور پر انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔