کم قیمت میں ہندوستان جیسی صحت کی بہترسہولیات کہیں اورنہیں: کووند
بھوپال، مئی۔ صدر رام ناتھ کووند نے آج اپنے غیر ملکی دوروں کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کم قیمت میں ہندوستان جیسی صحت کی بہترسہولیات دنیا کے کسی اورملک میں نہیں ہے۔مسٹرکووند آج یہاں آروگیہ بھارتی کے زیر اہتمام ایک قوم، ایک صحت – موجودہ وقت کی ضرورت پر ’آروگیہ منتھن‘ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں ترکمانستان اور ایک دیگرملک کے دورے پر گئے تھے۔ وہاں کے صدر اور وزیر اعظم ان کے ساتھ بات چیت کے دوران بار بار ہندوستان کی طبی سہولت کا حوالہ دے رہے تھے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ دنیا میں دستیاب مہنگے علاج کے درمیان ہندوستان میں سستے علاج کا نظام موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی کے اسپتالوں میں بھی ملک کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی مریض بڑی تعداد میں علاج کے لیے آتے ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ جمیکا اور سینٹ ونسنٹ نام کے دو ممالک کے دورے کے دوران وہاں کے وزیر اعظم نے ان سے کہا کہ اگر ہندوستان ان ممالک کو کووڈ ویکسین بروقت نہ پہنچاتا تو شاید ان ممالک کی آبادی آدھی رہ گئی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمارا ملک ہیلتھ ٹورزم کا مرکز بن رہا ہے تو دوسری طرف کئی مقامات پر صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، یہ ملک کے لیے ایک چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ 2017 میں اعلان کردہ قومی صحت پالیسی کے تحت ہرکسی کے صحت کا بندوبست کرنے کا عزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے حکومت ہند مسلسل کام کر رہی ہے۔ اسی سال وزیر اعظم نریندر مودی نے ماریشس کے وزیر اعظم پروِند کمار جگناتھ اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریسس کی موجودگی میں گلوبل سنٹرفار ٹریڈیشنل میڈیسن کا سنگ بنیاد رکھاتھا۔