کرونا وائرس کی نئی لہر، مراکش نے چین سے آنے والے مسافروں کا داخلہ بند کر دیا
رباط،جنوری۔کل ہفتے کے روزمراکش نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے اپنی سرزمین میں داخلے پر پابندی کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز 3 جنوری سے ہوگا تاکہ کرونا وائرس کے ساتھ انفیکشن کی نئی لہر سے بچا جا سکے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مراکش کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کو چاہے ان کی قومیت کچھ بھی ہو مملکت کی سرزمین میں داخل ہونے سے روکا جائے گا ۔ذریعے کے مطابق پابندی 3 جنوری 2023 سے اگلے نوٹس تک نافذ العمل رہے گی۔وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ چین میں کرونا وبائی مرض میں اضافے کے پیش نظرمراکش میں انفیکشن کی نئی لہر اور اس کے تمام اثرات سے بچنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔وسطی چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس کے پہلے کیس سامنے آنے کے تین سال بعد بیجنگ نے 7 دسمبر کو پیشگی انتباہ کے بغیر نام نہاد زیرو کوویڈ پالیسی کے نفاذ کا فیصلہ واپس لے لیا۔پابندیوں کے خاتمے سے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔فرانس، اٹلی، اسپین اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ امریکا اور جنوبی کوریا نے رواں ہفتے چین سے آنے والے مسافروں پر کرونا ٹیسٹ لگانے کا فیصلہ کیا۔