کتے سونگھ کر مالک کے ذہنی دبائو کا پتہ چلاسکتے ہیں
لندن ،اکتوبر۔ سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ کتے اپنے مالک کی سانس اور پسینہ سونگھ کر اپنے مالک کے ذہنی دبائو کا پتہ چلا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے 4 پالتو کتوں کے مالکان نے تجربات کیلئے اپنے کتوں کو پیش کیا، ان کتوں کو 3 طرح کی خوشبوئوں کو شناخت کرنے کی تربیت دی گئی اور اس حوالے سے کئے گئے 700 میں سے 650 سے زیادہ تجربات میں ان کتوں نے سانس اور پسینے کی خوشبو کی بالکل صحیح شناخت کی۔ کوئنز یونیورسٹی بلفاسٹ کے ریسرچرز کو امید ہے کہ One Plos جرنل میں شائع ہونے والی اس ریسرچ سے تھراپی کتوں کو تربیت دینے میں مدد ملے گی، کتے دنیا کو اپنی سونگھنے کی طاقت سے ہی شناخت کرتے ہیں اور ان کی سونگھنے کی حساس ترین قوت کی وجہ ہی سے ان کو منشیات، دھماکہ خیز مادوں اور بعض اقسام کے کینسر اور ذیابیطس سمیت بہت سی بیماریوں کا پتہ چلانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ریسرچرز کی قائد کلارا ولسن کا کہنا ہے کہ اس بات کے بیشمار شواہد ہیں کہ کتے اپنی سونگھنے کی قوت کے سبب بہت سی بیماریوں میں مبتلا افراد کی شناخت کرسکتے ہیں لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ مختلف نفسیاتی کیفیتوں کا بھی سونگھ کر پتہ چلا سکتے ہیں۔