ڈگنہیم میں 2 کمسن بچوں کی ہلاکت، خواتین سمیت 2 افراد گرفتار
لندن ،دسمبر۔ ایسٹ لندن کے علاقے ڈگنہیم ایک مکان میں 2 کمسن بچوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور ایک خاتون سمیت 2 افراد کوافراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق بچے کارن ویلس روڈ پر واقع ایک مکان میں مردہ پائے گئے تھے۔ ایمرجنسی سروسز کے مطابق دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوچکے تھے، پولیس اور ایمبولیس سروس دوپہر 2 بجے اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچے تو بچے ہلاک ہوچکے تھے۔ پولیس کے مطابق فیملیز کو لڑکوں کی ہلاکت سے آگاہ کردیا گیا ہے اور پولیس سوگوار فیملی کو دلاسا دینے کی کوشش کررہی ہے، بچوں میں سے ایک کی عمر 2 اور دوسرے کی 5 سال بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق بچے گرفتار کی گئی خاتون اور مرد کو پہچانتے تھے۔ تفتیشی انسپکٹر سین ٹریویک کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس کے بہت سے جواب طلب سوالات موجود ہیں تاہم ابھی ابتدائی مرحلے میں اس واقعے کے حوالے سے کوئی اور مطلوب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ تعاون کرنے پر مقامی لوگوں کے مشکور ہیں۔ جائے وقوعہ سے تھوڑے سے فاصلے پر رہائش پزیر کونسلر الزبتھ Kangethe نے بتایا کہ جمعہ کی شام علاقے میں پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ پولیس والے مقامی لوگوں سے بات کر کے انھیں تحفظ کی یقین دہانی کرا رہے تھے اور بتا رہے تھے کہ کن لوگوں کو اس واقعے کے بارے میں پولیس سے رابطہ کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ علاقے کے تمام لوگوں ہی کیلئے نہیں بلکہ اس بارے میں تمام سننے والوں کیلئے افسوسناک ہے اور اس نے سب ہی کو حیرت زدہ کردیا ہے۔