پیرس میں واشنگ مشین کے اندر سے ملنے والی 3 سالہ بچی کی موت
پیرس،جنوری۔فرانس میں 3 سالہ بچی کی لاش واشنگ مشین سے برآمد ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ پیرس کے حکام ایک 3 سالہ بچی کی موت کی تحقیقات کر رہے ہیں جو اپنے خاندان کے اپارٹمنٹ میں واشنگ مشین میں پائی گئی تھی۔ پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ جمعرات کی شام شمال مشرقی پیرس میں بچی کی دریافت کے بعد موت کی وجہ کے لیے تفتیش آج جمعہ کو شروع کی گئی۔ تفتیش کی قیادت نابالغوں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی یونٹ کر رہی ہے۔استغاثہ کے دفتر نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ روزنامہ لی پیرسئن کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بچی کو اس کے والد اور خاندان کے ایک اور فرد نے واشنگ مشین میں زندہ پایا اور ایک گھنٹے بعد ایمرجنسی کیئر میں اس کی موت ہوگئی۔استغاثہ نے اس رپورٹ کی تصدیق بھی نہیں کی ہے۔ یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بچی کے واشنگ مشین میں جانے کے بعد اس کا دروازہ بند ہوگیا تھا۔