پڑوسی ممالک ہماری نشآ ثانیہ کے لیے اہم ہیں: سعودی ولی عہد
منامہ،دسمبر۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے زور دیا ہے کہ ہمسایہ ممالک مملکت کی نشآ ثانیہ کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے جمعرات کی شام بحرین میں بات چیت کے دوران کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی صورتحال ہمارے لیے خاص ہے، خاص طور پر بحرین ہمارے دلوں کے قریب ترین ہے ۔
بحرین میں مذاکرات:شہزادہ محمد بن سلمان جمعرات کو بحرین پہنچے جہاں ان کا استقبال شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے کیا۔انہوں نے بحرین کے فرمانروا کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں میں ہونے والی پیش رفت کے علاوہ مختلف امور میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا۔العربیہ/الحدیث کے مندوب نے بتایا کہ سعودی عرب اور بحرین کے ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کی۔شہزادہ محمد بن سلمان کی منامہ میں آمد سے قبل سعودی بحرین رابطہ کونسل نے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد مشترکہ معاملات پر بات چیت کی گئی۔
عمان، متحدہ عرب امارات اور قطر:قابل ذکر ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ منگل کو سلطنت عمان سے خلیجی ممالک کا دورہ شروع کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور، سیاسی، اقتصادی اور فوجی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔بعد میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا جہاں ابوظبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور شہزادہ محمد بن سلمان کو ریاست کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔سعودی ولی عہد بدھ کے روز قطر پہنچے جہاں انہوں نے ملک کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ملاقات کی اور سعودی-قطری رابطہ کونسل کی صدارت کی۔ کونسل کے قیام کے لیے ترمیم شدہ پروٹوکول پر دستخط کیے گئے تھے جس کی سربراہی شہزادہ محمد بن سلمان اور شیخ تمیم بن حمد کریں گے۔