پولیس نے مردہ مچھر کی مدد سے ڈکیتی کی واردات کے مجرم کو پکڑ لیا
فوزو،جولائی۔چین میں پولیس نے حیران کن طور پر مردہ مچھر کی مدد سے ڈکیتی کرنے والے مجرم کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صوبے فوجیان کے شہر فوزو (Fuzhou)میں ایک اپارٹمنٹ میں ہونے والی ڈکیتی میں دیوار پر خون سے لت پت مردہ مچھر نے تفتیش کاروں کو پراسرار مجرم کو پکڑنے میں مدد کی۔پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ فوزو میں ایک ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تاہم جب حکام نے گھر پہنچ کر تفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ چور عمارت میں بالکونی کی مدد سے اندر آیا۔حکام کے مطابق تفتیش کاروں کو کچن میں بچ جانے والے نوڈلز اور پکے ہوئے انڈے ملے، جبکہ کمبل اور تکیے الماری سے اٹھا کر بستر پر گرے ہوئے نظر آئے،خیال کیا گیا کہ جو شخص بھی اپارٹمنٹ میں داخل ہوا اس نے بظاہر پوری رات اس گھر میں گزا ری۔تفتیش کے دوران دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب حکام نے دیوار پر مردہ مچھر اور خون کے نشانات دیکھے۔جس کے بعد خون کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔حکام کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ سے پتہ چلاکہ خون چائی نامی شخص کا تھا جس کا مجرمانہ ریکارڈ تھا۔تاہم ڈکیتی کے 19 دن بعد پولیس نے چائی کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ شروع کی تو اس نے اس چوری کے ساتھ تین دیگر ڈکیتیاں کرنے کا اعتراف کیا، جس میں وہ مشتبہ تھا۔ پولیس کے مطابق مجرم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں رکھا گیا ہے۔