پروین کے بعد نکہت اور منیشا نے بھی جیت درج کی
نئی دہلی، مئی۔ترکی کے استنبول میں جاری آئی بی اے خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے 12ویں ایڈیشن میں بدھ کا دن ہندوستان کے لئے بہت اچھا رہا ۔ اس دن ہندوستان کی دو باکسر پروین اور نکہت زرین نے شاندار جیت درج کرکے اگلے راؤنڈ میں انٹری کی ۔ اس کے علاوہ منیشا (57 کلوگرام) بھی فاتح رہیں۔ پروین نے جہاں بہترین کارکردگی کے ساتھ یک طرفہ انداز میں یوکرین کی ماریا بووا کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں انٹری کی ، وہیں تلنگانہ کی نکہت نے 52 کلوگرام وزن کے زمرے کے ابتدائی راؤنڈ میچ میں میکسیکو کی ہیریرا الواریز کو 5-0 سے یک طرفہ شکست دی۔ اس سال فروری میں اسٹرینڈجا ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ جیتنے والی 25 سالہ نکہت نے پہلے راؤنڈ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ حریف کھلاڑی کے ہر حملے سے بچتے ہوئے نکہت نے کچھ درست اٹیک کئے اور تمام ججوں کو متاثر کرتے ہوئے اس راؤنڈ میں پورے پوائنٹس حاصل کیے ۔ دوسرے راؤنڈ میں بھی نکہت نے اپنا متاثر کن مظاہرہ جاری رکھا اور اپنے مکے کے حملے کے ساتھ ایک بار پھر تمام ججوں کو متاثر کر کے پورے پوائنٹس حاصل کئے ۔ تیسرے راؤنڈ میں بھی نہکت نے شروعات سے آخر تک کئے طاقتور مکے اپنی حریف پر برسائے اور فتح حاصل کی ۔