پجارا نے 201 رنوں کی ریکارڈ اننگ کھیل کر سنچری کی خشک سالی ختم کی

لندن، اپریل ۔سنچری کے لیے ترس رہے ہندوستانی بلے باز چیتشور پجارا نے کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری (201) بنا کر اپنی سنچری کی خشک سالی ختم کی ہے۔ٹام ہینس اور چیتشور پجارا کی جوڑی فالوآن میں ڈبل سنچری لگانے والی فرسٹ کلاس کرکٹ کی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔ یہ جوڑی سسیکس کے لئے ٹیڈ باؤلی اور مورس ٹیٹ کے بعد ایک ہی اننگ میں ڈبل سنچری لگانے والی دوسری جوڑی ہے۔ ٹیڈ اور مورس نے 1921 میں نارتھمپٹن ​​شائر کے خلاف بالترتیب 228 اور 203 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔پجارا کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔ ان سے پہلے محمد اظہر الدین مجموعی طور پر دو بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اظہر الدین نے 1991 میں لیسٹر شائر کے خلاف 212 ​​اور 1994 میں ڈرہم کے خلاف 205 رنز بنائے تھے۔ یہ دونوں ہی اننگز انہوں نے ڈربی شائر کے لیے کھیلی تھی۔ تاہم، ایک اور بھارتی افتخار پٹودی نے کاؤنٹی کرکٹ میں چار مرتبہ ڈبل سنچری لگاچکے ہیں۔ لیکن انہوں نے یہ اننگز اس وقت کھیلی تھی جب وہ انگلینڈ کے لیے کرکٹ کھیلاکرتے تھے۔سسیکس کے لیے ناٹ آوٹ 201 رنوں کی اننگ کھیلنے سے پہلے پجارا نے 52 فرسٹ کلاس اننگ میں کوئی سنچری نہیں بنائی تھی۔ آخری بار انہوں نے جنوری 2020 میں کرناٹک کے خلاف 248 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ ان دونوں اننگز کے درمیان پجارا نے 30.36 کی اوسط اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 1518 رنز بنائے تھے۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں پجارا کے کھاتے میں اب کل 14 ڈبل سنچریاں ہوگئی ہیں۔ اب وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے ایشیائی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ پجارا سے پہلے یہ ریکارڈ کمار سنگاکارا کے نام تھا جنہوں نے اس فارمیٹ میں مجموعی طور پر 13 ڈبل سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اعداد و شمار کی سطح پر، اب صرف آٹھ بلے باز ہی اس معاملے میں پجارا سے آگے ہیں۔

Related Articles