پاکستان: دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 23 افراد ہلاک، 26 لاپتہ
اسلام آباد، جولائی۔پاکستان میں پنجاب اور سندھ کے سرحدی علاقے کے قریب دریائے سندھ میں ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 23 افراد ہلاک اور 26 لاپتہ ہیں۔پاکستان کے اخبار دی نیوز نے منگل کو اپنی رپورٹ میں یہ معلومات دی، حکام نے بتایا کہ کشتی الٹنے کا حادثہ پیر کی شام پیش آیا۔ مقامی افراد نے 45 افراد کو بچا لیا جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کشتی کے اوور بورڈنگ کے باعث پیش آیا۔ کشتی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے حسین کالا کا جلوس کھروڑ والی کی تحصیل روجھان کے علاقے مچھاکہ سے سردار پور جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے حکام نے افسران اور پولیس کو موقع پر روانہ کیا اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں سے کچھ کی شناخت ہو گئی ہے، جن میں شبانہ (18)، حمیدن (22)، اللہ دینی (14) شامل ہیں، جب کہ بچائے گئے افراد میں محمد اکرم، محمد رمضان، لقمان اور محمد امین شامل ہیں۔