ٹیکس فراڈ کیس میں شکیرا کو جیل بھیجنے کا خطرہ ٹل گیا
بارسلونا،ستمبر۔یورپی ملک اسپین کی عدالت نے معروف گلوکارہ، ماڈل و اداکارہ شکیرا کو سرکاری وکلا کی استدعا پر فوری طور پر جیل بھیجنے کے بجائے ان کے خلاف باضابطہ ٹرائل شروع کرنے کا حکم جاری کردیا۔خبر وںکے مطابق بارسلونا کی عدالت نے شکیرا کے خلاف ہسپانوی حکام کی جانب سے دائر کردہ ٹیکس فراڈ کیس کی درخواست پر مختصر فیصلہ دیا کہ گلوکارہ کو ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا۔مذکورہ ٹرائل کے دوران شکیرا مجموعی طور پر ٹیکس فراڈ کے 6 کیسز کو غلط ثابت کریں گی، ان پر حکام نے 6 مختلف الزامات کے تحت ٹیکس چھپانے اور ادا نہ کرنے کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔اگرچہ عدالت نے حکم دیا کہ شکیرا کو ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا، تاہم فوری طور پر عدالت نے ٹرائل کے آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا لیکن امکان ہے کہ اس کا آغاز آئندہ سال تک ہوگا۔شکیرا پر الزام ہے کہ انہوں نے 2012 سے 2014 تک اسپین میں رہائش اور کمائی کے دوران ٹیکس نہیں دیا۔شکیرا کو اسپین میں گزشتہ چند سال سے ٹیکس فراڈ کے کیسز کا سامنا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران کی گئی عالمی کمائی کا ٹیکس جمع نہیں کروایا، تاہم وہ ایسے الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔شکیرا کے وکلا کے مطابق گلوکار اسپین میں باضابطہ طور پر 2015 میں منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ جزیرہ نما ملک بہاماس میں ٹیکس ادا کرتی رہی ہیں۔گلوکار کے وکلا کے مطابق شکیرا کے ہسپانوی فٹ بالر جیرارڈ پیک سے تعلقات عام ہونے کے بعد ہی وہ اسپین منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ یہاں ٹیکس دینے کی پابند نہیں تھیں۔شکیرا کے وکلا کا کہنا ہے کہ اداکارہ 2015 کے بعد اب تک اسپین میں ایک کروڑ 70 لاکھ یورو سے زائد کا ٹیکس ادا کیا اور وہ ٹیکس نادہندگان نہیں ہیں جب کہ 2012 سے 2014 کے درمیان وہ ہسپانوی حکام کو ٹیکس دینے کی پابند نہیں تھیں۔ہسپانوی حکام نے انہیں ٹیکس فراڈ اور چوری کے کیس میں تصفیے کی پیش کش بھی کی تھی، جسے گلوکارہ نے مسترد کردیا تھا، جس وجہ سے حکام نے عدالت میں گلوکارہ کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے انہیں 8 سال تک قید اور 2 کروڑ ڈالر سے زائد جرمانے کی سزا سنانے کی استدعا کی تھی۔گلوکارہ کی جانب سے ٹیکس چوری اور فراڈ کے تمام الزامات کو مسترد کیے جانے اور حکام کے دعووں کو غلط ثابت کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کرنے کے بعد اب عدالت نے ان کے خلاف باضابطہ ٹرائل کے آغاز کا حکم دے دیا، تاہم فوری طور پر تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔