ٹیکساس کے ڈیری فارم میں دھماکا، ہزاروں مویشی ہلاک

ٹیکساس ،اپریل۔امریکہ کی جنوبی ریاست ٹیکساس کے حکام نے جمعرات کو بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ پیر کو کاسٹرو کاؤنٹی کے ساؤتھ فورک ڈیری فارم میں پیش آیا۔ یہ کاؤنٹی ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے شمال مغرب میں قریب چھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک فیملی ڈیری فارممیں دھماکے اور آگ لگنے سے 18 ہزار سے زائد مویشیوں کی ہلاکت امریکہ میں اس انداز کا سب سے مہلک واقعہ قرار دی جا رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں ایک زرعی کارکن بھی شدید زخمی ہوا ہے۔گزشتہ پیر کی رات ٹیکساس پین ہینڈل میں قصبے ڈمٹ کے قریب ساؤتھ فورک ڈیری فارمز میں دھماکے کے ساتھ ہی خوفناک آگ پھیل گئی۔ کاؤنٹی کے کمشنر سڈ ملر نے اپنے بیان میں اس دھماکے کو ایک ”خوفناک واقعہ‘‘ قرار دیا۔ کاسٹرو کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے فیس بک پر یہ خبر پوسٹ کی جس میں لکھا کہ فائر فائٹرز اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور”اس بات کا تعین کیا کہ ایک شخص اندر پھنسا ہوا ہے۔‘‘ اس میں کہا گیا ہے کہ اس شخص کو بچایا گیا اور اسے لوبک کے ایک ہسپتال پہنچایا گیا۔ملر نے کہا کہ دھماکے اور آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا،”ایک بار جب ہم اس سانحے کی وجہ اور حقائق جان لیں گے، تو ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوام کو پوری طرح سے آگاہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔‘‘کاسٹرو کاؤنٹی کے شیرف سل ریویرا نے سی بی ایس سے وابستہ ایک رپورٹر کو بتایا کہ غالباً گوداموں سے کھاد نکالنے کا نظام ” ضرورت سے زیادہ‘‘ گرم ہو گیا تھا اور یہ سانحے کی وجہ ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ میتھین سے آگ لگی ہو جو دھماکے کے ساتھ پھیل گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے ذریعے درست وجہ کا تعین کرنا ہوگا۔ ٹیکساس کے سانحہ کا حوالہ دیتے ہوئے، امریکہ میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے سب سے قدیم فلاحی اداروں میں سے ایک، اینیمل ویلفیئر انسٹیٹیوٹ نے ٹویٹ پیغام میں تحریر کیا ہے، ”فارمز کو جانوروں کی حفاظت کے لیے کامن سینس فائر سیفٹی اقدامات کو اپناتے ہوئے مزید کچھ کرنا چاہیے۔‘‘

 

Related Articles