ویرات کوہلی کا ناقابل یقین کیچ اور انوشکا شرما کیلئے محبت بھرے اشارے
ممبئی،اپریل۔بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ناقابل یقین کیچ پکڑنے اور فتح سمیت دیگر محبت بھرے اشاروں پر مسکرادیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کے اسٹیڈیم میں بھارتی لیگ کا بنگلور اور دہلی کا میچ کھیلا جارہا تھا، انوشکا شرما بھی شوہر کا میچ دیکھنے آئیں۔میچ کے دوران ایک موقع پر ویرات کوہلی نے اچھل کر ایک ہاتھ سے ناقابل کیچ کیا تو انوشکا شرما کے چہرے پر پہلے حیرت اور پھر خوشی کے تاثرات پھیل گئے۔اس دوران انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے جذبات اور اشارے کیمرے کے آنکھ نے قید کرلیے، جو اب دونوں کے مداحوں میں وائرل ہوچکے ہیں۔تصاویر میں گیند کے ہوا میں ہونے اور ویرات کوہلی کے اْسے پکڑنے کے لیے اچھلنے کے دوران انوشکا شرما کے ہاتھ سر کے قریب دیکھے جاسکتے ہیں، جیسے ہی گیند اْن کے شوہر کی گرفت میں آجاتی ہے تو وہ مسکرا اْٹھتی ہیں۔ویرات کوہلی اس خوبصورت موقع پر اپنی بیوی کی طرف دیکھ کر پہلے فتح کا نشان بناتے ہیں پھر مٹھی بناکر اپنی کامیابی کو انجوائے کرتے ہیں اور آخر میں ہوا میں اپنے محبت بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔انوشکا شرما میچ دیکھنے کے لیے اپنے والدین کے ہمراہ آئیں، ان کے چہرے پر میچ کے دوران تناؤ، مسکراہٹ اور ہنسی کے تاثرات آتے اور جاتے رہے۔بالی ووڈ اداکارہ آج کل کرکٹر جھولن گوسوامی کی زندگی پر مبنی فلم ’چکدا ایکسپریس‘ کی عکاس بندی میں مصروف ہیں، انوشکا اس فلم کے ذریعے 4 سال بعد انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھ رہی ہیں۔یہ فلم رواں سال کے نصف میں ریلیز کی جائے گی، جو مغربی بنگال کے چھوٹے شہر چکدا سے تعلق رکھنے والی جھولن گوسوامی کی زندگی پر مبنی ہے، فلم میں اْن کی کرکٹ سے دلچسپی، والدین کو کھیلنے کے لیے منانے، دقیانوسی خیالات توڑنے سمیت کرکٹ کیریئر کے اتار چڑھاؤ کو خوبصورتی کے ساتھ فلمایا گیا ہے۔ایک انٹرویو میں فلم کے پروڈیوسر اور انوشکا کے بھائی کارنیش شرما نے چکدا ایکسپریس کے لیے ویرات کوہلی کی تجاویز کا تذکرہ کیا تھا اور کہا کہ کوہلی کی تجاویز واقعی کار آمد ثابت ہوئیں، انہیں کی مدد سے ہم کوچ ڈھونڈنے میں کامیاب رہے۔انوشکا شرما آخری بار 2018ء میں شاہ رخ اور کترینہ کیف کی فلم زیرو میں نظر آئی تھیں، انہوں نے 2013ء میں اپنے بھائی کے ساتھ بنائے گئے پروڈکشن ہاؤس کے لیے کیے بڑے پروجیکٹس کیے۔گزشتہ ماہ انوشکا شرما نے اپنے بھائی کے پروڈکشن ہاؤس سے علیحدگی کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ اپنا زیادہ وقت اداکاری کو دینا چاہتی ہوں۔