ول جیکس کی جگہ بریسویل آر سی بی کی ٹیم میں شامل

ممبئی، مارچ ۔رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ سیزن کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتہ کے روز اس کی تصدیق کی۔فرنچائزی نے بریسویل کو انگلینڈ کے دائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر ول جیکس کی جگہ بلایا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جیکس، جنہیں آر سی بی نے 3.2 کروڑ روپے میں سائن کیا تھا، ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ کیوی آل راؤنڈر بریسویل 1 کروڑ روپے کی بنیادی قیمت پر آر سی بی میں شامل ہوں گے۔بریسویل نے اپنے کیریئر میں اب تک سات ٹیسٹ، 19 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف 25 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے بریسویل کو ریلیز کر دیا ہے۔ اکتوبر-نومبر میں ہندوستانی سرزمین پر ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے بریسویل کے لیے پہلی بار آئی پی ایل میں کھیلنے کا تجربہ اہم ہوگا۔نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا، “مائیکل اپنے ڈیبیو کے بعد سے ہی ہماری ٹیم کے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ آئی پی ایل میں ان سے سیکھنے کا موقع ملنا دلچسپ ہے، خاص طور پر بطور اسپن آل راؤنڈر۔ اس سال ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے، کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔ فاف ڈو پلیسس، جوش ہیزل ووڈ، فن ایلن، وینندو ہاسرنگا، گلین میکسویل، ریس ٹوپلے اور ڈیوڈ ولی کے بعد بریسویل، آر سی بی کے آٹھویں غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ آئی پی ایل کا آغاز 31 مارچ کو گجرات ٹائٹنز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ سے ہوگا۔ آر سی بی کو اپنی مہم کا آغاز 2 اپریل کو ممبئی انڈینس کے خلاف کرنا ہے۔

Related Articles