وزیراعظم رشی سوناک کا یوکرین کیلئے 50 ملین پونڈ کی مزید دفاعی امداد کا اعلان
لندن ،نومبر۔ برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک نے گزشتہ روز کیف میں یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ملاقات کی اور یوکرین کو 50 ملین پونڈ کی دفاعی امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ یوکرین کی جنگ کے پہلے دن سے یوکرین کے ساتھ ہے اور یوکرین کے ساتھ کھڑا رہے گا، یوکرین اور برطانیہ مضبوط ترین اتحادی ہیں۔ اس امداد کا مقصد روس کی جانب سے فضائی حملوں کو روکنے میں مدد دینا ہے، 50 ملین پونڈ کی اس امداد میں 125 طیارہ شکن توپیں اور ایران کے فراہم کردہ ہلاکت خیز ڈرونز کا مقابلہ کرنے کی ٹیکنالوجی، درجنوں راڈار اور ڈرون شکن الیکٹرانک جنگی صلاحیت شامل ہے۔ برطانیہ نے یوکرین کی مسلح افواج کی تربیت کی سہولتوں میں اضافہ کرنیاور فوجی ڈاکٹروں اور انجینئروں کو خصوصی مہارت کے ساتھ سپورٹ کرنے کیلئے یوکرین بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔ برطانیہ کے وزیر دفاع بین ویلس اس سے قبل یوکرین کو ایک ہزار فضائی میزائل دینے کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔ اپنے اس دورے میں رشی سوناک نے یوکرین کی سول آبادی پر حالیہ مہینوں کے دوران بم گرانے کے دوران پکڑے جانے والے ایرانی ڈرونز کا بھی معائنہ کیا۔ رشی سوناک نے فائر سٹیشن میں ایمرجنسی ورکرز سے ملاقات سے قبل جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قبروں پر پھول چڑھائے اور 1930 میں قحط سے ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر شمع روشن کی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ برطانیہ روز اول سے یوکرین کے ساتھ کھڑا ہے اور میں یہ بتانے یہاں آیا ہوں کہ برطانیہ اور ہمارے اتحادی اس جنگ کے اختتام اور قیام امن تک یوکرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اگرچہ یوکرین کی فوجوں نے روسی فوجوں کو پیچھے ڈھکیل دیا ہے لیکن شہری آبادی پر بہیمانہ بمباری کی گئی ہے، ہم آج یوکرین کو نیا فضائی دفاع فراہم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں، جس میں طیارہ شکن توپیں، راڈار اور ڈرون گرانے کے اکیوئپمنٹ شامل ہوں گے، اس کے ساتھ ہی انھوں نیسخت سردی سے بچاؤ کیلئے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ روس کے فضائی حملوں سے یوکرین کا کم وبیش 50 فیصد انرجی اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے آج یوکرین کے دارالحکومت آکریہاں کے جرات مند عوام سے ملنے پر بہت خوشی ہے، جنھوں نے اپنے وطن کے دفاع کیلئے بھاری قربانیاں دی ہیں، لوگوں کو یوکرین میں جاری جنگ کی مستقبل میں خاتمے اور قیام امن کی امید کم ہے لیکن رشی سوناک نے اگلے سال لندن میں یوکرین کی تعمیر نو کیلئے کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کردیا۔ رشی سوناک نے اپنے اس دورے میں یوکرین کو عالمی خورک پروگرام کے تحت 12ملین پونڈ اور بین الاقوامی مائیگریشن تنظیم کیلئے 4 ملین پونڈ امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔ ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ اس امداد سے جنریٹرز کی فراہمی اور موبائل ہیلتھ کلینکس کے قیام میں بھی مدد ملے گی، اس کے ساتھ ہی برطانیہ یوکرین کی مدد کیلئے انتہائی سرد موسم میں فوجیوں کی رہائش کیلئے ہزاروں خیمے بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔ لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر دفاع جون ہیلے نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ لیبر پارٹی یوکرین کی مدد، نیٹو اتحادی کی طاقت میں اضافہ کرنے اور روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے حکومت کی بھرپور مدد کرتی رہے گی۔ حالیہ مہینوں کے دوران روس کی جانب سے کیف اور ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بمباری کے بعد یوکرین مغربی اتحادیوں سے مدد کی اپیل کرتا رہا ہے۔ برطانیہ اس وقت امریکہ کے بعد یوکرین کو سب سے زیادہ فوجی امداد فراہم کرنے والا ملک تصور کیا جاتا ہے، برطانیہ اب تک یوکرین 2.3 بلین پونڈ امداد دینے کا اعلان کرچکا ہے اور اگلے سال بھی کم وبیش اتنی امداد دینے کا وعدہ کرچکا ہے جبکہ دارالعوام کی لائبریری کے مطابق برطانیہ یوکرین کے کم وبیش 10ہزار فوجیوں کو 120 دن کے اندر تربیت دینے کا ایک پروگرام بھی شروع کر رہا ہے۔