والد کی بیماری کے باعث 17 سال کی عمر میں کام شروع کردیا تھا، انیل کپور
ممبئی،جولائی ۔ایور گرین بھارتی اداکار انیل کپور نے بتایا ہے کہ والد کی بیماری کے باعث مجبوراً 17 سال کی عمر میں ہی کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران انیل کپور نے نوجوانی کے دنوں میں اپنے گھر کے مشکل حالات کا ذکر کیا۔ فلم ساز سریندر کپور کے گھر پیدا ہونے والے انیل کپور کا کہنا تھا کہ ان کا فلم انڈسٹری میں آغاز آسان نہیں تھا، 17 سال کی عمر میں انہوں نے ایک اسپاٹ بوائے کے طور پر کام کیا تھا۔ اپنے اس کام کو بھی بہتر قرار دیتے ہوئے انیل کا کہنا تھا کہ مجھے وہ کام کرنا بھی اچھا لگتا تھا، صبح میں اٹھانا، ان کا سامان اٹھانا، کسی کو ایئرپورٹ سے لے کر آنا اور پھر انہیں لوکیشن پر چھوڑ کر جانا اور پھر بریک کے دوران ان لوگوں کے لیے ناشتہ لے کر آنا وغیرہ، یہ سب سوچنے میں عجیب کام ہیں، لیکن مجھے یہ کرنا اچھا لگتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پھر بعد میں وہ کاسٹنگ ڈائریکٹر بھی بنے، اور فلم "ہم پانچ” کے کاسٹنگ ڈائریکٹر وہی تھے اور یہ پہلا موقع تھا جب ان کا نام فلم کریڈٹس میں سامنے آیا۔ واضح رہے کہ انیل کپور نے اپنا کیریئر ہندی فلموں سے شروع نہیں کیا تھا، انہوں نے بالی ووڈ میں آنے سے قبل ایک تیلگو اور ایک کناڈا فلم کی تھی۔ واضح رہے کہ انیل کپور نے ہندی فلم میں پہلی مرتبہ فلم "وہ ساتھ دن” میں مرکزی کردار نبھایا تھا، جبکہ انہیں پہلی کامیابی فلم مشال سے ملی تھی جس کے لیے انہوں نے بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔