والدہ ٹیومر اور کینسر کی شکار، اسپتال میں زیرعلاج ہیں، راکھی ساونت روپڑیں
ممبئی،جنوری ۔ بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کو والدہ کی برین ٹیومر اور کینسر کی وجہ سے اسپتال میں موجودگی نے توڑ ڈالا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنی والدہ کے اسپتال میں داخل ہونے کے بارے میں بتاتے ہوئے رو پڑیں۔اداکارہ نے پیر کو ویڈیو شیئر کی اور اپنی والدہ جیا ساونت سے متعلق بتایا، پوسٹ کا کیپشن تھا ’ماں اسپتال میں ہے، وہ تندرست نہیں، ان کیلیے دعا کریں‘۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بگ باس مراٹھی کے سیزن 4 میں ہونے کے باعث اپنی والدہ کی صحت سے آگاہ نہیں تھی۔راکھی ساونت نے بتایا کہ والدہ کو برین ٹیومر اور کینسر تشخیص ہوا ہے، جیسے ہی بگ باس مراٹھی سے باہر آئی مجھے یہ خبر ملی تو میں ٹوٹ گئی، آپ سے نیک تمناؤں کی درخواست ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں راکھی ساونت کے دوست عادل خان اور بھائی راکیش بھی نظر آرہے ہیں۔ویڈیو میں اداکارہ نے بتایا کہ والدہ کینسر کی شکار ہیں، ہمیں تو ابھی پتا چلا کہ انہیں اس کے ساتھ برین ٹیومر بھی ہے۔اپنی والدہ کی صحت سے متعلق بتاتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ والدہ ممبئی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کا بایاں حصہ فالج زدہ ہے، اْن کے ٹیسٹ لیب بھیجے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ والدہ کی رپورٹ جمعہ کو آئے گی، جس کے بعد پتا چلے گا کہ اْنہیں کتنی ریڈی ایشن کی ضرورت ہے، دراصل کینسر پھیپھڑوں تک پھیل چکا ہے، فی الحال آپریشن ممکن نہیں۔اس ویڈیو پر راکھی ساونت کے مداحوں کے ساتھ اداکارہ مہیما چوہدری نے جو کینسر سے جنگ لڑ چکی ہیں، نے بھی تبصرہ کیا، انہوں نے کہا کہ ’میری دعائیں اور نیک تمنا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوں‘۔صوفیہ حیات نے تبصرہ کیا کہ او میری پیاری، میری دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کی والدہ کیلیے ہیں۔