واشنگٹن سندر ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل ہیں : شاستری
ممبئی، مئی۔اتوار کو اعلان کردہ ٹی 20 اور ٹیسٹ اسکواڈ میں واشنگٹن سندرا جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں ۔ اس کے باوجود ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری کا خیال ہے کہ واشنگٹن مستقبل میں ہندوستان کے تینوں فارمیٹس میں آل راؤنڈر بنیں گے ۔ واشنگٹن کا ٹیسٹ ڈیبیو شاستری کے کوچنگ دور میں ہوا تھا۔ سنہ 2021 میں آسٹریلیا کے دورے پر انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ شاستری نے کرک انفو کے شو ٹی ٹوئنٹی ٹائم آؤٹ میں کہا’’ وہ مستقبل میں ہندوستان کے صف اول کے آل راؤنڈرز میں سے ایک ہونے والے ہیں ۔ وہ ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل ہیں ۔ آج آپ کے پاس رویندرا جڈیجا ہیں ۔ تین سال بعد اگر وہ فٹ ہیں تو وہ کھیلیں گے۔ اکشر پٹیل بھی ہیں لیکن یہ کھلاڑی آنے والے وقت میں تینوں فارمیٹس کے اہم آل راؤنڈر ہوں گے ‘‘۔ انھوں نے کہا ’’ واشنگٹن ایک سنجیدہ کرکٹر ہیں ، وہ ابھی بہت کم عمر کے ہیں ، اسے اپنے کھیل کو سمجھنا ہوگا، وہ جلد ہی وائٹ بال فارمیٹ میں شاٹ سلیکشن میں بہتری لائیں گے، انھیں اپنی فٹنس پر کام کرنا ہوگا تاکہ وہ انجری سے بچ سکیں ۔ کوئی بہانا نہیں۔ وہ ایکس ، وائی، زیڈ پر انحصار نہیں کر سکتا ۔ اسے خود کو آئینے میں دیکھنا ہوگا اور کہنا ہو گا کہ میں زیادہ محنت کرنا چاہتا ہوں اور میں اگلے تین سالوں میں ہندوستانی کرکٹ میں بہترین آل راؤنڈر بننا چاہتا ہوں ۔ میں چاہتا ہوں اور وہ آسانی سے ایسا کرسکتا ہے‘‘۔