نئی اطالوی وزیراعظم کا یورپی یونین سے اظہار یکجہتی
روم،اکتوبر۔اٹلی کی نئی وزیراعظم جارجیا میلونی نے یورپی یونین اور یوکرین کی حمایت کی تجدید کردی ہے، انہوں نے یوکرین کی حمایت جاری رکھنے اور نیٹو میں شامل رہنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے حکومت کی سرکاری پالیسی کا اعلان کیا۔ انہوں نے فاشزم کو مسترد کرتے ہوئے اقتصادی شرح نمو میں اضافہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ 45سالہ جارجیا اپنی جماعت برادرز پارٹی کی ایک ماہ قبل انتخابی کامیابی کے بعد پارلیمنٹ سے وزیراعظم کی حیثیت سے افتتاحی خطاب کر رہی تھیں۔ اٹلی یورپ کی تیسری بڑی اقتصادی قوت ہے۔ میلونی نے کہاکہ ان کا ملک بدستور ناٹو کا حصہ رہے گا۔ وہ اٹلی کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں جنہوں نے گزشتہ ہفتہ کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔ جارجیا میلونی نے اٹلی کے فاشسٹ ماضی کو بھی مسترد کردیا۔ اٹلی نیٹو اور یورپی یونین کا بانی رکن ہے۔ سابق وزیراعظم ماریو ڈراگی کے دور میں بھی میلونی اپوزیشن میں ہونے کے باوجود ان کی یوکرین پالیسی کی حامی رہیں۔