مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کی جانب سے بالی ووڈ کی حمایت، پوجا بھٹ کا ان سے اظہار تشکر
ممبئی،نومبر۔بالی ووڈ کی اداکارہ پوجا بھٹ نے ریاست مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کی جانب سے بالی ووڈ کی حمایت کرنے پر ان سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو بالی ووڈ کنگ، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ڈرگ آن کروز کیس میں بمبئی ہائی کورٹ میں ضمانت کی منظوری کے ایک دن بعد نواب ملک نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس بالی ووڈ کی شہرت کو داغدار کرنے کی ایک کوشش ہے۔مہاراشٹر کے ریاستی وزیر کی میڈیا کے ساتھ گفتگو پر مبنی ایک کلپ پر اپنے ٹوئٹس میں اداکارہ پوجا بھٹ نے نواب ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہندی فلم انڈسٹری کے خلاف اس سازشی مہم کے خلاف جو موقف اختیار کیا اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ اس موقف کے باعث ہمیں تحفط کا احساس ہوا۔انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ اور ممبئی دراصل ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، یہ خوابوں کا شہر ہے جس نے کئی عشروں کے دوران لاکھوں لوگوں کو اپنے دامن میں سمیٹا ہے۔واضح رہے کہ نواب ملک نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ یہ مہم دراصل ہمارے بالی ووڈ کو بدنام کرکے اسے ممبئی سے اتر پردیش منتقل کرنے کی ایک مہم کا حصہ ہے۔انکا اشارہ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ کی جانب تھا جو کہ نوئیڈا شہر میں فلم سٹی کی تخلیق کا منصوبہ بنارہے ہیں۔